بھدرواہ //منگل کی صُبح سے ہی قصبہ و گرد و نواح میںتازہ برفباری سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوا جسکی وجہ سے درجہ حرارت میں گراوٹ آئی اور معمول کی زندگی درہم برہم ہو گئی۔دو روز تک موسم ابر آلود رہنے کے بعد منگل کی صُبح سے ہی بھدرواہ و ملحقہ علاقوں میں برفباری شروع ہوئی ، جو اس موسم میں 15ویں برفباری ہے۔بھدرواہ کے ملحقہ علاقے بشمول اشاپتی، سیوج دھار، کیلاش کنڈ، سوبر دھار، شنکوجہ اور جائی میں بھاری برفباری ہوئی جبکہ بھدرواہ قصبہ و ملحقہ علاقوں میں درمیانہ درجہ کی برفباری ہوئی ۔اطلاعات کے مطابق قصبہ کشتواڑ اور وادی چناب کے دیگر بالائی علاقوں میںمنگل کی صُبح سے ہی تازہ برفباری درج کی گئی۔لوگ خصوصاً دور افتادہ علاقوں کے لوگوں کوگزشتہ دسمبر سے لگاتار ہوئی برفباری سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔منگل کی تازہ برفباری سے لوگوں کو گرم ملبوسات پہننے اور روایتی بُخاریوں کا استعمال کرنے پر مجبور کیا ہے تاہم محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ سے موسم میں بہتری آنے کی توقع ہے۔