بھاٹہ دھوڑیاں انکائونٹر | ملی ٹینٹوںکی معاونت کے الزام میں 1گرفتار

مینڈھر //بھاٹہ دھوڑیاں انکائونٹر کے سلسلہ میں چل رہی تحقیقا ت کے دوران سیکورٹی فورسز نے ملی ٹینٹوں کی نقل و حمل میں معاونت کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے ۔مینڈھر سب ڈویژن کے بھاٹہ دھوڑیاں اور ناڑ کس جنگلا ت میں 14اکتوبر کو شروع ہوئے انکائو نٹر کے سلسلہ میں پولیس کی جانب سے ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی تھی تاہم اس دوران ملی ٹینٹوں کی نقل و حرکت میں معاونت کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔گرفتار شدہ شخص کی شناخت یاسر عرفات سکنہ بھاٹہ دھوڑیاں کے طور پر ہوئی ہے ۔ملزم کو چھ روز قبل پولیس ٹیم نے اس وقت گرفتار کیا تھا جب وہ نیپال کے کھٹمنڈو سے دو دیگران کے ساتھ عرب ممالک کی پرواز میں سوار ہونے والا تھا لیکن پولیس ٹیم تینوں کو پکڑنے میں کامیاب ہو گئی۔ملزم کو گورسائی پولیس سٹیشن میں انکائو نٹر کے سلسلہ میں درج ایک ایف آئی آر زیر نمبر 107/2021کے تحت گرفتار کیا گیا تھا ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پولیس کی ایک خصوصی ٹیم واقعہ کے سلسلہ میں تحقیقات کررہی ہے جس کے لئے دس افراد کو زیر حراست رکھا گیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ تحقیقا ت کے دوران معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ گائوں کے کئی مکینوں نے ملی ٹینٹوں کو کھانا اور دیگر ضروری معاونت فراہم کی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کچھ مکینوں نے ملی ٹینٹوں کے ڈر اور خوف کی وجہ سے ان کو کھانا فراہم کیا لیکن یاسر نے رضا کارانہ طورپر عسکریت پسندوں کی معاونت کی ۔انہو ں نے بتایا کہ یاسر ملی ٹینٹوں کو نقل و حرکت میں معاونت دینے کیساتھ ساتھ ان کو مواصلاتی سروس بھی فراہم کی ۔انہوں نے بتایا کہ کچھ مزید مکینوں کا رول بھی مشکوک پایا گیا ہے جبکہ مزید گرفتاریاں بھی متوقعہ ہیں ۔ایس ایس پی پونچھ ڈاکٹر ونود کمار نے بتایا کہ یاسر عرفا ت کیخلاف قانون کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے جبکہ اس سلسلہ میں مزید تحقیقات عمل میںلائی جارہی ہیں ۔