نئی دہلی+اسلام آباد// بھارتی حکومت نے وزیراعظم عمران خان کی مذاکرات کی پیشکش قبول کرلی ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور بھارتی ہم منصب سشما سوراج کے درمیان 27 ستمبر کو نیویارک میں اہم ملاقات ہوگی۔ وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کو خط لکھ کر مذاکرات کی پیش کش کی تھی۔ بھارتی حکومت نے دعوت قبول کرتے ہوئے دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان 27 ستمبر کو نیویارک میں ہونے والی ملاقات کی تصدیق کردی ہے۔بھارتی دفتر خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات پاکستانی وزیراعظم کی درخواست پر کی گئی ہے جس کے لئے انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کو خط لکھا تھا۔ترجمان رویش کمار نے مزید کہا کہ فی الحال ملاقات کی تصدیق کی جا رہی ہے۔ ملاقات کے ایجنڈے سے متعلق بھی جلد میڈیا کو آگاہ کردیا جائے گا تاہم اس ملاقات کو بھارتی پالیسیوں کی تبدیلی سے تعبیر نہ کیا جائے۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج 24 ستمبر کو نیویارک پہنچ رہی ہیں اور شاہ محمود قریشی بھی روانہ ہورہے ہیں۔ دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران دوپہر کے کھانے پر ہوگی۔ وزیراعظم عمران خان نے بھارتی ہم منصب نریندرمودی کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے پاک بھارت مذاکرات کی دوبارہ بحالی پر زور دیا ہے۔مودی نے عمران خان کو وزیراعظم بننے پر مبارک باد دینے کے لیے تہنیتی خط لکھا تھا۔ جس کے جواب میں وزیر اعظم عمران خان نے بھی بھارتی ہم منصب کو جوابی خط لکھا ۔ عمران خان نے بھارتی وزیراعظم کو لکھے گئے خط میں پاک بھارت تنازعات پر باضابطہ مذاکرات شروع کرنے پر زور دیا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ اچھا ہوگا کہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر مل کر بات چیت کریں۔ عمران خان نے دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات پر زور دیا اور کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل حل کریں۔دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے سماجی رابطے کی سائیٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کو مثبت سوچ کے ساتھ خط کا جواب دیا ہے۔ انہوں نے بھارتی ہم منصب کو دعوت دی ہے کہ آئیے بات چیت کے ذریعے تمام مسائل کا حل نکالیں اور ہم بھارت کے جواب کے منتظر ہیں۔ عمران خان نے عام انتخابات میں کامیابی کے بعد اپنی پہلی تقریر میں کہا تھا کہ اگر بھارت ایک قدم آگے بڑھے گا تو پاکستان 2 قدم بڑھائے گا۔
بھارت نے پاکستان کی پیشکش قبول کرلی، وزرائے خارجہ ملاقات طے
