سرینگر//پاکستان نے ایک مرتبہ پھر واضح کر دیا ہے کہ بھارت کے ساتھ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی تک تجارت شروع نہیں کی جائے گی جسے بھارت نے 5اگست 2019کو غیر قانونی طور پر منسوخ کر دیا ہے ۔ سی این آئی کے مطابق پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی تک تجارت شروع نہیں کرے گا، جسے بھارت نے 5اگست 2019کو غیر قانونی طور پر منسوخ کر دیا تھا۔پاکستان کے شہر ملتان میں قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 156اور این اے 157کے دورے کے دوران مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کا واضح موقف ہے کہ بھارت کو مسائل کے حل کیلئے آگے آنا چاہئے ۔پاکستان کے وزیرخارجہ نے کہاکہ پاکستان نے خطے میں امن کیلئے بھارت کے ساتھ مذاکرات سے کبھی انکار نہیں کیا۔افغانستان کے بارے میں انہوں نے کہاکہ عالمی برادری نے افغانستان میں امن کیلئے پاکستان کے کردار کو قابل ستائش قرار دیا ہے۔وزیر خارجہ نے یقین دلایا کہ پاکستان افغانستان مین امن عمل کیلئے سہولت کار کا کردارادا کرتا رہے گا۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ جنوبی پنجاب کی ترقی تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔