اسلام آباد // پاکستان نے کہا ہے کہ جو کچھ سرحدوں پر ہورہا ہے اس سے واضح ہو چکا ہے کہ ہمسائے ملک ایک دوسرے سے بات کرنے پر آمادہ نہیں ہیں۔وزیر خارجہ خواجہ آصف نے پاکستانی پارلیمنٹ میں کہا کہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری پر 2017سے صورتحال بدترین ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے جنوری سے ابتک قریب 400سے زائد بار فائر بندی کی خلاف وریاں کی گئیں جن کے دوران 18شہری مارے گئے۔انکا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری پر بھارت کی جانب سے شہری آبادی کے خلاف بھاری ہتھیار اور مورٹار استعمال کئے گئے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ وادی میں انسانی حقوق کی بدترین صورتحال سے توجہ ہٹانے کیلئے لئن آف کنٹرول پر خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ فوجی مبصرین گروپ کا رول کنٹرول لائن پر امن قائم کرنے کیلئے اہم بنتا ہے۔تاہم انکا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ فوجی مبصرین کو مکمل اعانت فراہم کی لیکن بھارت عالمی ادارے کیساتھ تعاون نہیں کررہا ہے۔