نئی دلی // اڑیسہ میں بھارتی فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔طیارے گرنے سے دو پائلٹ ہلاک ہو گئے۔طیارہ بیرسالہ میں گورنمنٹ ایوی ایشن ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ (جی اے ٹی آئی) پر گر کر تباہ ہوا۔پولیس اور امدادی اہلکار جائے وقوعہ پرپہنچ گئے جب کہ حادثے سے متعلق تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے پیش آیا۔گذشتہ ماہ بھارتی فضائیہ کا طیارہ پنجاب میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔جس میں ونگ کمانڈر ہلاک ہو گیا تھا۔اس واقعے میں دو کیڈٹ زخمی ہو گئے تھے جبکہ بھارتی فضائیہ نے ا س معاملے پر مکمل انکوائری کرنے کا نوٹس جاری کیا تھا۔بھارتی فضائیہ میں اس طرح کے واقعات پہلے بھی پیش آتے رہے ہیں۔ 16 نومبر کو بھارت کا ایم آئی جی ٹرینر طیارہ گوا کے ایک گاوں کے باہر گر کر تباہ ہوگیا تھا۔ ریاست کے دارالحکومت پنجی سے 15 کلومیٹر دور ورنا کے مضافات میں طیارہ ایک پتھریلی سطح پر گر کر تباہ ہوگیا تھا اور پائلٹ نے آبادی والے علاقوں سے دور طیارے کی نشاندہی کرنے پر ایک بڑا نقصان ہونے سے بچا لیا تھا۔تب بھی دونوں پائلٹ بحفاظت باہر نکل آئے تھے۔ اس کے علاوہ نومبر 2019میں بھی ایک حادثہ پیش آیا تھا جب بائیں انجن میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ پرندوں کے نشانے کی وجہ سے طیارے کے دائیں انجن میں آگ لگ گئی۔ اس سے قبل جنوری 2018 میں ایک اور مگ 229 ک طیارہ گوا میں گر کر تباہ ہوا۔ طیارہ رن وے سے ہٹ گیا اور آئی این ایس ہمسہ اڈے کے اندر گر کر تباہ ہوگیا۔
ہوائی اڈوں پر پرندوں کا خطرہ بڑھ گیا
نئی دہلی// لاک ڈاون کے درمیان طیاروں کو چلانے اور انسانی سرگرمیاں کافی کم رہنے کی وجہ سے ہوائی اڈوں پر پرندوں اور دیگر جانوروں کے طیاروں کے راستے میں آنے اور ان سے ٹکراجانے کا خطرہ بڑھ گیا ہے ۔ڈائرکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے ) نے کل ایک سرکیولر میں اس کی وارننگ دیتے ہوئے ہوائی اڈہ کے آپریٹروں کو جنگلی جانوروں اور پرندوں کو کنٹرول کرنے کے لئے اختیار کئے جانے والے اقدامات میں کوئی نرمی نہیں دینے کی ہدایت دی ہے ۔ اس میں کہا گیا ہے کہ ہوائی اڈوں پر طیاروں کی نقل و حرکت میں کمی اور ملازمین کی کم تعداد کے پیش نظر ہوسکتا ہے گھاس کی کٹائی، پرندوں کی سرگرمیوں پر نگرانی کے لئے گشت وغیرہ کم ہورہی ہے ۔ اس سے ہوائی اڈہ کمپلکس اور آس پاس پرندوں اور جنگلی جانوروں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔ اس لئے ہوائی اڈہ آپریٹر ز کو پہلے ہی کی طرح پرندوں، جنگلی جانوروں کو کنٹرول کرنے کے اقدامات جاری رکھنے کی صلاح دی جاتی ہے ۔ڈی جی سی اے نے کہاکہ ہوائی اڈے عام طورپر شہرو ں کے مصروف علاقوں سے دور ہوتے ہیں۔ کئی بار ان کے آس پاس پانی کے ذخائر بھی ہوتے ہیں۔ ان اسباب سے پرندوں کو یہ علاقے راغب کرتے ہیں۔ یہی پرند ے طیاروں کے لئے خطرہ ہوسکتے ہیں۔ موجودہ حالات میں طیاروں کی نقل و حرکت کم رہنے سے پرندوں اور دیگر جنگلی جانوروں کے گھومنے کا دائر ہ بڑھ جانے کا اندازہ ہے ۔یو این آئی