اوڑی // پی ڈی پی صدرمحبوبہ مفتی نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بھاجپا کے درپردہ حمایتوں کو شکست دیکر ریاست کے مسلم اکثریتی کردار کو محفوظ بنائیں۔ اوڑی میں چناوی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر میں پہاڑی، گجر، بکروال ،شیعہ ،سنی ، بریلوی اور دیگر طبقوں کے نام پر ووٹ بٹورنے کی کوشش کی جارہی ہے اور یہی لوگ دلی میں جا کر 370 کا سودا کریں گے۔ محبوبہ نے کہا کہ دفعہ370 اورA 35 کو اگر ختم کیا گیا تو جموں کشمیر کاہندوستان کے ساتھ الحاق بھی نہیں رہے گا بلکہ ہندوستان قابض ملک تصور کیا جائے گا اور ناجائز رشتہ کہلائے گا۔محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ نیشنل ہائی وے پر دو دنوں کیلئے پابندی لگانا ایک غلط اور ایک تانا شاہی حکم نامہ ہے جس کے خلاف ہم آواز اٹھائیں۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کو الیکشن میں ہی صدر ریاست اور وزیر عظم کے عہدے یاد آتے ہیں جو لوگوں کے ساتھ کھلے عام دھوکہ بازی ہے۔انہوں نے کہا’’ وہ یہ تاثر دینا چاہتے ہیں کہ صرف کشمیری زبان بولنے والے ہی خصوصی پوزیشن کے حامی ہیں، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ہر مذہب اور زبان بولنے والا ہر ایک شخص کیلئے اپنی زندگی سے زیادہ 370عزیز ہے‘‘۔انہوں نے لوگوں کو فرقہ وارانہ اور تقسیم کرنے والے عناصر سے خبردار رہنا چاہیے۔محبوبہ مفتی نے کہا ’’ لوگوں کو بخوبی اس بات کا علم ہے کہ ریاست کو کس طرح کے خطرات لاحق ہیں اور کس طرح پراکسی امیدواروں کو کشمیر میں میدان میں اتارا گیا ہے تاکہ 370اور 35Aکو ختم کیا جاسکے‘‘۔انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ بھاجپا کے درپردہ حمایتیوں کو شکست سے دوچار کریں تاکہ یہ پیغام جائے کہ ریاست کی شناخت کے ضامن یہاں کے لوگ ہیں۔انہوں نے کہا کہ الگ جھنڈے میں لپیٹے ہو ئے یہ لوگ دراصل بی جے جی کے ساتھی ہیں۔