سرینگر//بجبہاڑہ میں بھاجپاکی ترنگاریلی سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے قومی ترجمان سیدشہنوازحسین نے کہا کہ یہ مفتیوں کو زوردار پیغام ہے کہ ان کے آبائی علاقہ میں نہ صرف ترنگالہرایا گیا بلکہ کشمیرکی مقامی آبادی اس کا جشن مناتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مقامی آبادی کو بھارتیہ جنتا پارٹی سے کوئی بیرنہیں ہے ،بلکہ دونوں ترنگے اور بھاجپاسے وہ سیاستدان خائف ہیں جودوسروں کے ایجنٹ کے طور برتائوکرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نیا کشمیرامن اورخوشحالی کوظاہرکرتا ہے اورلوگوں کو سمجھ آیا ہے کہ بھاجپا کاترقی کاایجنڈاجموں کشمیرمیں عام لوگوں کی زندگی بدل کررکھدے گا جنہیں بنیادی ترقیاتی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔سیدشہنوازحسین نے کہا کہ گپکار اتحاد کے رہنمائوں کو ماضی کے جنون سے باہر آنے کی ضرورت ہے اورانہیں جموں کشمیرمیں موجودہ سیاسی بدلائو کوایک حقیقت کے طور تسلیم کرناچاہیے ۔انہوں نے کہا کہ جتنی جلد نیشنل کانفرنس ،پیپلزڈیموکریٹک پارٹی اور ان جیسی دوسری جماعتیں ،جموں کشمیرمیں آئینی تبدیلی کی اس حقیقت کو تسلیم کریں گی،وہ ان کیلئے بہتر ہوگا کیوں کہ لوگوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ تبدیلی کے ساتھ جائیں گے۔اس موقعہ پرڈاکٹر درکشان اندرابی نے لوگوں کو اپنا دس سال پرانا نعرہ یاددلایا،’’ہم ہندوستان سے ہیں ،ہندوستان ہم سے ہے‘‘ ۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے اپنے سیاسی محل کشمیر مسئلہ کی رٹ پر قائم کئے ہیں ،انہوں نے عام کشمیریوں کیلئے سینکڑوں مسائل پیداکئے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیرکا سب سے بڑا مسئلہ خاندانی سیاست ہے اور جموں کشمیر میں اس سڑے ہوئے سیاسی نظام کو بھاجپا کے ترقیاتی ایجنڈااور سب کے ساتھ کے سیاسی نظریہ سے بدلنا ہوگا۔ڈاکٹر درخشان اندرابی نے کہا کہ امن ،بہبودی اور خوشحالی جموں کشمیرکی نئی نسل چاہتی ہے اور دفعہ370کی تنسیخ کے بعدہم نے جموں کشمیرکو زمین پر ایک حقیقی جنت بنانے کاکام شروع کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم مفتی کے قرب وجوار میں مقامی آبادی کے ساتھ ترنگا لہرا رہے ہیں ۔بھاجپا کے جموں کشمیرکے نائب صدر صوفی یوسف نے اس موقعہ پرکہا کہ بھاجپا کشمیرمیں مقبول ہورہی ہے اور مستقبل کشمیرمیں بھاجپاکاہوگا۔