اودھمپور //کانگریس کے لوک سبھا حلقہ اودھمپور۔ڈوڈہ سے امیدوار وکرم ادتیہ سنگھ نے بی جے پی پر اقتدار کیلئے عارضی ملازمین اور ماتا ویشنو دیوی شرائن پر کام کرنے والے لوگوںکا استحصال کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ اس جماعت نے جموں کے مفادات کا سودا تک کرلیا ۔ اودھمپور میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سنگھ نے کہاکہ بی جے پی عارضی ملازمین اور ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ میں کام کرنے والے افراد کے ساتھ 2014میں کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوگئی اور اس نے اقتدار کی خاطر جموں کے عوام کے منڈیٹ کا سودا کرلیا ۔انہوںنے کہاکہ نوجوانوں اور عارضی ملازمین نے بھاجپا سے 2014میں کافی زیادہ امیدیں وابستہ کی تھیں تاہم یہ جماعت انہیں پورا تو نہیںکرسکی لیکن لوگوں کے جذبات سے کھلواڑ کیا اور ان کا استحصال کیا۔انہوںنے کہاکہ مختلف سرکاری محکمہ جات اور مرکزی معاونت والی سکیموں میں تعینات عارضی ملازمین سے بڑے بڑے وعدے کئے گئے جبکہ نچلی سطح کے ملازمین کو بھی ایسی ہی امیدیں دیں گئیں ۔انہوںنے کہاکہ بی جے پی نے الیکشن میں منڈیٹ حاصل کرنے کیلئے عوامی جذبات سے کھلواڑ کیا اور نوجوانوں ، عارضی ملازمین و سماج کے دیگر طبقہ کو سخت مایوس کیا ۔ انہوںنے یقین دلایاکہ اگر کانگریس برسر اقتدار آتی ہے تو یہ سبھی مسائل حل کئے جائیں گے اور خاص طور پر نوجوانوں کو ترجیح دی جائے گی ۔کانگریس امیدوار نے کہاکہ ریاست میں تین سے زائد برس اور مرکز میں پانچ سال اقتدار میں رہنے کے باوجود بی جے پی نے کچھ نہیں کیا اور تمام مسائل دھرے کے دھرے رہ گئے ۔