شیر کشمیر بھون میں وومن کنونشن
جموں //نیشنل کا نفرنس کے سنیئر لیڈر اور صوبائی صدر دویندر سنگھ رانا نے کہا ہے کہ بھاجپا ریاست جموں وکشمیر میں وزیر اعلیٰ کا خواب دیکھنا چھوڑ دے ۔شیر کشمیر بھون میں منعقدہ خواتین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھاجپا کی ریاستی اکائی ریاست جموں و کشمیرمیں آئندہ اسمبلی انتخابات کے بعد اپنا وزیر اعلیٰ بنانے کا خواب دیکھ کرہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس سے قبل پارٹی نے 2014کے اسمبلی انتخابات میں عوام کی جانب سے دئیے گئے منڈیٹ کیساتھ کھلواڑ کیا ہے۔انہوں نے بھاجپا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پی ڈی پی کیساتھ مخلوط حکومت بنانے کے بعد صوبہ جموں کی عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے کی جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے اس وقت عوام پسماندہ طرز کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں ۔خواتین کنونشن سے خطاب میں انہوںنے کہاکہ حالیہ دنوں میں بھاجپا کی ریاستی اکائی کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آئندہ انتخابات کے بعد پارٹی جموں سے وزیراعلیٰ بنائے گی،جوکہ عوام کے جذبات کیساتھ ایک مذاق سے کم نہیں ۔موصوف نے کہاکہ اب بھاجپا صوبہ جموں میں اپنا وقار کھو چکی ہے جبکہ انہوں نے پارٹی کارکنوں بالخصوص خواتین پر زور دیتے ہوئے کہاکہ وہ پارٹی کو زمینی سطح پر مضبوط بنانے کیلئے اپنا رول ادا کریں ۔اپنے خطاب میں خواتین ونگ کی ریاستی صدر شمیمہ فردوس نے کہا کہ پارٹی خواتین کو قانون ساز اسمبلی میں 33فیصدد ریزرویشن دینے کی وعدہ بند ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس سے قبل پارٹی نے خواتین کی اقتصادی طور پر بااختیار بنانے کیلئے ایک اہم رول ادا کیا ہے ۔این سی لیڈر نے کہاکہ پارٹی کی جانب سے خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے اٹھا ئے گئے اقدامات کی وجہ سے اس وقت خواتین کئی ایک اہم شعبوں میں اپنی بہترین خدمات انجام دے رہی ہیں ۔اپنے خطاب میں خواتین ونگ کی نائب صدر بملا لتھرا نے خواتین پر زور دیتے ہوئے کہاکہ وہ فیصلہ سازی میں اپنا رول ادا کریں ۔انہوں نے کہاکہ اس وقت ریاست کو مشکل حالات کا سامنا کر رہی ہے جن میں این سی ہی عوامی کو درپیش مسائل اور ریاستی حالات کو استحکام لا سکتی ہے ۔اس کنونشن سے خواتین ونگ کی صوبائی صدر ستونت کور ڈوگرہ ،وجے لکشمی داتہ ،سورن للتا ودیگران نے بھی خطاب کیا جبکہ کنونشن میں رتن لعل گپتا ،ٹھا کر کشمیرا سنگھ ،شیخ بشیر احمد ،جگل مہاجن ،وجے لوچن ودیگران نے بھی شرکت کی ۔