آر ایس پورہ //نیشنل کا نفرنس نے بھاجپا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پارٹی نے سرحدی علا قوں میں آبا د لوگوں کیساتھ کھلواڑ کیا ہے ۔آر ایس پورہ کے کوٹلی میاں فتح میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سابقہ ممبر اسمبلی اور پارٹی کی خواتین ونگ کی نائب صدر بملا لتھرا نے کہا کہ بھاجپا نے عوامی فلاح و بہبود کیلئے کچھ بھی نہیں کیا بلکہ اپنی مفاد کیلئے عوام کو مذہب اور فرقوں میں تقسیم کرنے کیلئے کوششیں کیں ۔انہوں نے کہاکہ اسمبلی انتخابات 2014 کے دوران پارٹی نے سرحدی علا قوں میں آباد لوگوں کی فلاح وبہبود اور ان کو محفوظ مقامات پر جگہ فراہم کرنے کیلئے وعدے کئے تھے لیکن پارٹی نے اقتدار میں آنے کے بعد اس طرف کوئی توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے عوام کو در پیش مسائل میں مزید اضافہ ہو گیا ۔ انہوں نے کہاکہ بھاجپا نے مثبت منشور کے بغیر ہی اپنی سیاسی مفاد کیلئے عوام کو تقسیم کر کے اقتدار حاصل کر نے کی کوشش کی جس کی وجہ سے مذکورہ خطہ کی عوام سب سے زیادہ متاثر ہو ئی ۔این سی لیڈر نے کہاکہ جموں خطہ کی عوام نے پارٹی کو اقتدار میں آنے کا اہل بنایا تاہم پی ڈی پی کیساتھ اقتدار میں آنے کے بعد بھاجپا نے جموں خطہ کی ہی عوام کو سب سے زیادہ نظر انداز کیا ۔انہوں نے پی ڈی پی اور بھاجپا کی سابقہ ریاستی مخلوط حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ان دونوں سیاسی پارٹی نے اپنے مفاد کیلئے عوامی مسائل کی جانب توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے اس وقت عوام تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہو چکے ہیں ۔اپنے خطاب میں سابقہ ممبر اسمبلی گگن بھگت نے کہا کہ بھاجپاکی غلط پالیسیوں سے سرحدی علا قوں میں آباد عوام سب سے زیادہ متاثر ہو ئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اب پارٹی کی عوام کش پالیسیاں عیاں ہو چکی ہیں ۔موصوف نے کہاکہ پارٹی کی جانب سے اچھے دن کا وعدہ اب ایک خواب بن رہ گیا ہے جبکہ پارٹی نے ابھی تک کو ئی ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا جس کی وجہ سے ریاستی عوام راشن کی عدم فراہمی ،سڑکوں کی خستہ حالی ،صحت کا ناقص نظام اور سکولوں میں عملے کی قلت کی وجہ سے عوام کو دقتوں کا سامنا کر نا پڑرہا ہے ۔انہوں نے گورنر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ وہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ کرئے ۔اس موقعہ پر جوتی دیوی ،رانی دیوی ،بھارتی دیوی ،وینا دیوی ،بودھ راج ودیگران بھی موجود تھے ۔