راجوری//کھنڈلی پل راجوری میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر کے گھر میں ہوئے پُراسرار بم دھماکہ میں اسکا3سالہ بھتیجا جاں بحق جبکہ دیگر 7اہل خانہ زخمی ہوئے۔ یہ واقعہ جمعرات کی شام 8بجے پیش آیا۔ بی جے پی منڈل صدر جسبیر سنگھ دیگر افراد خانہ کے ہمراہ مکان کے بر آمدے پر بیٹھے تھے اور اس دوران کوئی دھماکہ کرنے والی چیز بر آمدے کی طرف پھینکی گئی جس کیساتھ ہی زوردار دھماکہ ہوا جس کے باعث مذکورہ لیڈر سمیت 8افراد خانہ زخمی ہوئے۔ خون میں لت پت زخمیوں کو فوری طور پر راجوری میڈیکل کالج ہسپتال پہنچایاگیا جہاں رات کے 12بجے 3سالہ بچہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا جس کی شناخت ویر سنگھ کے بطورکی گئی۔ دھماکہ ہونے کے فوراً بعد پولیس اور فورسز کے اہلکار جائے واردات پر پہنچ گئے اور علاقہ کو محاصرے میں لے لیا۔پولیس کاکہنا ہے کہ وہ معاملہ کی تحقیقات کررہی ہے اور جو کوئی بھی ملوث ہوگا، اس کو قانون کے تحت سزا دی جائیگی۔اس دوران نماز جمعہ کے بعد راجوری کے مختلف علاقوں میں ہندو اور مسلمانوںنے احتجاج کرتے ہوئے اس واقعہ کی مذمت کی۔ احتجاج میں شامل لوگوںنے واقعہ میں ملوث افراد کو قانون کے تحت سزا دینے کی مانگ کی۔