جموں //نیشنل کا نفرنس سنیئر لیڈر اور صوبائی صدر دویندر سنگھ رانا نے کہا ہے کہ بھاجپا دوبارہ سے جموں خطہ کی نمائندگی کا اخلاقی جواز کھو چکی ہے ۔اسمبلی حلقہ نگروٹہ کے بلوال علا قہ میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 2014 کے اسمبلی انتخابات کے دوران بھاجپا کی ریاستی اکائی نے جموں صوبہ کی تعمیر و ترقی کے نام پر ووٹ لئے تھے اور مذکورہ انتخابات کی ریلیوں کے دوران عوام کیساتھ بلندو بانگ وعدے بھی کئے لیکن اقتدار میں آنے کے بعد پارٹی نے عوامی جذبات کیساتھ کھلواڑ کیا ۔انہوں نے کہاکہ 2015سے 2018کے دوران اس خطہ کی عوام سیاسی و سماجی اعتبار کے علا وہ ترقیاتی طور پر پوری طرح سے پسماندہ رہی ۔موصوف نے کہاکہ بھاجپا کو چاہیے کہ وہ اپنی سیاسی ناکامی کو تسلیم کرتے ہوئے صوبہ جموں کی عوام سے معافی مانگے ۔این سی لیڈر نے کہاکہ بھاجپا کی سیاسی طور پر ہوئی ناکامی کی وجہ سے صوبہ جموں کے دیہی علا قوں میں آباد لوگ بنیادی سہولیات سے محروم ہو چکے ہیں ۔انہوں نے بھاجپا پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی نے ریاست کو سیاسی ،معاشی اور سیکورٹی اعتبار سے کمزور کر دیا ہے تاہم اب پارٹی لیڈران عوام کو فرقوں ،خطوں اور مذہب کی بنیاد پر تقسیم کر کے اپنا سیاسی مفاد حاصل کر نا چاہتے ہیں لیکن نیشنل کا نفرنس مفاد پرستوں کی سیاست کو کبھی بھی کامیاب نہیں ہو نے دے گی ۔دویندر سنگھ رانا نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ زمینی سطح پر عوام کو مفاد پر ستوں کے سیاسی ہتھکنڈوں سے واقف کرواتے ہوئے نیشنل کانفرنس کر مزید مضبوط کرنے کیلئے اپنا رول ادا کریں ۔
بھاجپادوبارہ جموں خطہ کی نمائندگی کا اخلاقی جواز کھو چکی :رانا
