بڈیال خواس سڑک دس روز سے بند

کوٹرنکہ //بڈیال سے خواس جانے والی سڑک پر سفر کرنا موت کو گلے لگانے کے مترادف ہے ۔ 1972سے اس سڑک کی یہی حالت ہے جس پر کسی بھی حکومت کے دور میں کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔ حالیہ بارشوں نے اس سڑک کا حلیہ ہی بگاڑ دیاہے جس پر سفر کرنا خطرات سے خالی نہیں ہے ۔ یہ دس سڑک کلو میٹر سڑک پچھلے دس روز سے اسی عدم توجہی کاشکار بن کر بند پڑی ہوئی ہے اور محکمہ کی طرف سے کوئی اقدام نہیں کیاجارہا۔ بارشوں کے دوران سڑک کا کافی حصہ تباہ ہوچکاہے اوراس کی حالت خراب سے خراب تر بنتی جارہی ہے جس کی وجہ سے عوام کو مشکلات کاسامناہے ۔ مقامی لوگوں کاکہناہے کہ سرکار نے اس سڑک کا بیڑہ ہی غرق کردیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ سابق وزیر اعلیٰ نے 14مارچ 2016کو کوٹرنکہ میںجلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اس سڑک کی کشادگی کا اعلان کرتے ہوئے رقومات کی فراہمی کا یقین بھی دلایاتھا تاہم ابھی تک کچھ نہیں ہوا۔مقامی شہری غلام حسین عقابی کاکہناہے کہ ہر ایک حکومت نے ان کے ساتھ زیادتی کی اور اب وہ گورنر انتظامیہ سے اپیل کرتے ہیں کہ ان کی حالت پر رحم کھاکر سڑک کی مرمت کروائیں اوراسے کشادہ کرکے تارکول بچھایاجائے ۔ انہوں نے کہاکہ یہی نہیں بلکہ یہاں گردونواح کی سڑکوں کا بھی یہی حال ہے ۔ ان کاکہناہے کہ 1972سے اب تک کئی حکومتیں آئیں اور چلی گئیں مگر اس سڑک کی حالت میں کوئی سدھار نہیں آیا ۔ایک اور شہری غلام حسین نے الزام عائد کیاکہ خواس کے لوگوں سے امتیاز برتاجارہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی لیڈران وعدے تو کرتے ہیں مگر عمل کسی ایک پر بھی نہیںہوتا۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کا عمل مکمل ہونے کے ساتھ یہ لیڈران غائب ہوجاتے ہیں اور پھر اگلے الیکشن تک ان کا کوئی پتہ نہیں چلتا۔