بڈگام میں پہلے سیاحتی گاؤں زوگو کھارین کا افتتاح

بڈگام// ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام شہباز احمد مرزا نے تمام متعلقہ افسران کے ساتھ زوگو کھارین کو ٹورازم ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت سیاحتی گاؤں کے طور پر افتتاح کیا۔اس موقع پر ڈی سی نے کہا کہ زوگو کھیرین اور اس سے ملحقہ بستیوں کے لیے ایک بڑا موقع ہے کیونکہ یہ دن اس علاقے کی سماجی و اقتصادی ترقی کے نئے آغاز ہے۔انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں اس علاقے کے عوام فرق دیکھیں گے۔شہبازمرزا نے مقامی نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھائیں اور اس موقع کو علاقے میں سیاحوں کی تعداد بڑھانے کے لیے استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ مقامی نوجوان ٹورسٹ گائیڈ اسائنمنٹ کے طور پر بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں کیونکہ مقامی ہونے کے ناطے یہ سبھی علاقے کے ہر پہلو سے بخوبی واقف ہیں اور ان کی مصروفیت ان کے لیے روزی روٹی کمانے میں انتہائی سود مند ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں زوگو کھارین خاص طور پر سیاحتی موسم میںایک اہم بیس کیمپ ثابت ہوگا۔ اوپر والے علاقوں کی طرف تمام ٹریکنگ، خاص طور پر توسمیدان، یہاں سے شروع ہوں گے۔بعد ازاںانہوں نے تمام لوگوں کے ہمراہ رنگزبل کے دور دراز علاقے کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے پبلک آؤٹ ریچ پروگرام کے تحت ایک عوامی دربار کا انعقاد کیا۔