سری نگر//پولیس نے سیکورٹی فورسز کے ساتھ مل کر پیر کے روز وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں شوپیاں سے لشکر کے دو عسکریت پسندوں کو گرفتار کرنے اور اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ کیاہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان کی شناخت وسیم احمد گنائی ولد شہزاد احمد گنائی ساکنہ رام نگری شوپیاں اور اقبال اشرف شیخ ولد محمد اشرف شیخ ساکنہ سیڈو شوپیاں کے بطور ہوئی ہے۔ بڈگام پولیس نے بڈگام کے سنیر گنڈ علاقے سے 62 آر آر کے ساتھ گرفتار کیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ان کے قبضے سے ایک چینی پستول، 02 پستول میگزین، 12 پستول راونڈ، 32 اے کے 47 راونڈ سمیت اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ایف آئی آر نمبر 87/2022 کے تحت قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ایک مقدمہ پولیس تھانہ بڈگام میں درج کیا گیا ہے اور اس معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔