بڈگام//ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام ڈاکٹر سیّد سحرش اصغر نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ ضلع بھر میں چلائے جارہے غیر قانونی اِینٹ بھٹوں ، سٹون کریشروں،مٹی ، ریت اور بولڈر نکالنے کے عمل پر فوری طور پابندی یقینی بنائیں ۔اِن باتوں کا اِظہار ضلع ترقیاتی کمشنر نے ایک میٹنگ کے دوران کیا جس میں ایس پی بڈگام ، اے ڈی ڈی سی بڈگام ، اے ڈی بڈگام ، ایس ڈی ایم ، اے سی آر ، ڈی آئی او بڈگام شوکت حسین گنائی ،اے ڈی محکمہ خوراک و رسدات ، اے ڈی محکمہ محنت و روزگار ، ڈی ایم او ، تحصیلدار ، ضلع آفیسر ، ایس پی سی پی ،این ٹیز اوردیگر اَفسران نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر نے غیر قانونی عمل میں ملوث لوگوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے پر زور دیا۔اُنہوں نے کہاکہ یہ غیر قانونی عمل صحت ، ماحول ،ٹریفک ،سڑکیں،زراعت و دیگر سیکٹروں کے لئے پریشانی کا باعث بنا ہوا ہے ۔اُنہوں نے متعلقہ تحصیلداروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے علاقوں میں لگاتار نگرانی رکھیں اور غیر قانونی طور پر کسی بھی عمل میں ملوث افراد کے بارے میں رِپورٹ پیش کریں۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ پچھلے ماہ کے دوران 2.54 لاکھ روپے بطور جرمانہ حاصل کیا گیا ہے جبکہ قانون کی خلاف ورزی میںملوث افراد کے خلاف کئی ایف آئی آر درج کئے گئے ۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ضلع میں 227 اِینٹ کے بھٹوں میں سے 170بھٹے باقاعدہ طور پر کام کر رہے ہیں اور 54 غیر قانونی طریقے پر کام کر رہے ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ تحصیلداروں اور ڈی ایم او کو ہدایت دی کہ وہ ایک مشترکہ ٹیم تشکیل دے کر ایسے غیر قانونی یونٹوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اس موقعہ پر آنے والے ماہِ صیام کے سلسلے میں کئے جارہے اِنتظامات کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ضلع میں اشیائے ضروریہ کی دستیابی یقینی بنانے کے علاوہ ماہِ مقدس کے دوران ضلع کے لوگوں کے لئے بلا خلل بجلی اور پینے کا پانی فراہم کریں۔