اننت ناگ//کورونا وائرس کے باعث تعلیمی سرگرمیاں بُری طرح متاثر ہورہی ہیںاورطلاب کا وقت ضائع ہونے سے بچانے کے لے بٹہ گنڈ ویری ناگ سے تعلق رکھنے والی استانی نے بچوں کو گھر کے لان (باغ)میں پڑھانے کا سلسلہ شروع کیا ہے ۔محمودہ خان نامی یہ استانی2004میں آر ٹی منتخب ہوئیں اور2009میں اُس کی نوکری کو مستقل کیا گیا ۔ محمودہ کا کہنا ہے کہ لاک ڈائون شروع ہوتے ہی اُنہیںZOOMکلاسز شروع کرنے کی ہدایت دی گئی تاہم یہ تجربہ کارگر ثابت نہ ہوا ،جس کے بعد کانفرنس کالنگ کے ذریعے بچوں کو پڑھانے کا سلسلہ شروع کیا گیا تاہم اس طریقہ سے زیادہ سے زیادہ بچوں کو جوڑنا ممکن نہیں ہوسکا ۔اس بیچ اُنہوں نے وٹ از ایپ کے ذریعے بچوں کو تعلیمی مواد فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کیا تاہم غریب بچوں کے پاس اسمارٹ فون نہ ہونے کے سبب کئی بچے محروم رہے ۔انہوں نے کہا کہ تقریباً سبھی بچوں نے بتایا کہ وہ وٹ از ایپ پر حاصل کئے گئے مواد کو سمجھ نہیں پاتے ہیں ،جس کے بعد اُنہوں نے دو ہفتے قبل چھٹی اور ساتویں جماعت کے طلاب کو گھر پر پڑھانے کا سلسلہ شروع کیا ۔مذکورہ استانی نے کہا کہ طلاب ماسک پہن کر آتے ہیں اور اس دوران جسمانی فاصلہ کا بھرپور خیال رکھا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی انہوں نے بچوں کو اپنے گھر پر تعلیم فراہم کی ۔محمودہ نامی اس استانی نے کہا’’میرا مقصد صرف یہ ہے کہ ہمارا مستقبل تعلیم کے نور سے محروم نہ رہے‘‘۔دریں اثناء پرنسپل سیکریٹری اسکول ایجوکیشن ڈاکٹر اصغر سامون نے اس ضمن میں ایک ٹویٹ کیاہیـ کہ بٹہ گنڈ ویری ناگ کے دور دراز علاقے میں ایک سرکاری ٹیچر اپنے گھر کے لان میں مقامی طالب علموں کو باقاعدگی سے سبق دیتی ہیں ،جس دوران ماسک اور معاشرتی فاصلہ کا خیال رکھا جارہا ہے ۔