سرینگر//لبریشن فرنٹ(آر) ترجمان نے تہاڑ جیل میں قید محبوسین کی حالت زار اور بگڑتی ہوئی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مخصوص علاج ومعالجہ سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ترجمان نے پارٹی کے محبوس چیئرمین فاروق احمد ڈار ( بٹہ کراٹے )کی خراب صحت پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جیل میں مناسب طبی امداد بہم نہ پہنچنے و جہ سے انتہائی علیل ہیںاور انہیں علاج یا مناسب طبی سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہیں۔ ترجمان نے پیر سیف اللہ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ کئی برسوں سے زیر علاج ہیں اور اُن کی حالت ہر گزررہے دن کے ساتھ بگڑ تی جارہی ہے اور جیل حکام انہیں مناسب طبی امداد فراہم رکھنے کے لئے کسی سنجیدگی کا اظہار نہیںکررہے ہیں۔ترجمان نے ایمنسٹی انٹرنیشنل، ایشیا واچ اور انسانی حقوق کے لئے دیگر بین الاقوامی تنظیموں سے اس سلسلے میں سنجیدہ نوٹس لینے ، انہیں علاج و معالجہ فراہم کرنے اور ان کی رہائی کے لئے اثر و رسوخ کا استعمال کرنے کی اپیل کی ۔