جموں//شہر کے مضافاتی علاقہ بھٹنڈی میں صبح آٹھ بجے کے قریب ایک تیز رفتار میٹاڈور نے14سالہ بچی کو مدینہ ہلز کے قریب کچل دیا جس کے باعث طالبہ کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔پولیس ذرئع کے مطابق متوفیہ کی شناخت صائمہ دختر میر قاسم ساکنہ بٹھنڈی کے طور پر ہوئی ہے جو کہ مقامی اسکول میں آٹھویں جماعت کی طالبہ تھی۔حادثہ کی خبر پورے علاقہ میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور بھاری تعداد میں طلاب اور مقامی لوگ جلوس کی شکل میں بائی روڈ پر پہنچے اور جموں پٹھانکوٹ شاہراہ پر احتجاج کرنے لگے ۔ متوفیہ بنیادی طور پر ضلع کٹھوعہ کے بنی علاقہ کی تھی اور اس کا والد مالی کا کام کرتا تھا ، آج صبح وہ جب اسکول کے لئے نکلی تو یہ حادثہ پیش آگیا۔ قریب ایک گھنٹہ تک شاہراہ کے مسدود رہنے کی وجہ سے پورے علاقہ میں افراتفری پھیل گئی اور گاڑیوں کی آمد و رفت بند رہنے کی وجہ سے جا بجا جام لگ گیا۔ دفتراور اسکول کالج جانے کے اوقات ہونے کی وجہ سے حالات مزید ابتر ہو گئے اور بٹھنڈی، سنجواں،نروال، چھنی کے علاوہ تریکوٹہ نگر تک ٹریفک جام ہو کر رہ گیا ۔ پولیس افسران کی طرف سے جب لوگوں کو سمجھانے بجھانے کی کوشش ناکام ہو گئی تو ضلع ترقیاتی کمشنر موقعہ پر آئے اور ڈرائیور کے خلاف کارروائی کا یقین دلایا۔ انہوں نے بتایا کہ تریکوٹہ نگر تھانہ میں اس سلسلہ میں دفعہ 279,304Aکے تحت ایف آئی آر 199/2017درج کر لی گئی ہے ۔پولیس نے میٹا ڈور کو ضبط کر لیا ہے جب کہ ڈرائیور کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔