بورڈ نو انٹری زون کا، سب سے زیادہ گاڑیاں بھی اسی جگہ

پونچھ//ضلع پونچھ میں مختلف مقامات پر ٹریفک پولیس اور ضلع پولیس کی جانب سے بورڈ لگا کر انہیں نو انٹری زون بنایا گیا ہے لیکن حیران کن طور پر سب سے زیادہ گاڑیاں انہی جگہوں پر کھڑی کی جاتی ہیںجس کی وجہ عام عوام اور تاجروں کو کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔خصوصی طور پر پریڈ پارک پونچھ کے سامنے میلاد چوک میں لوگ اپنی نجی گاڑیاں کھڑی کر دیتے ہیں جس کے باعث وہاں عوام کو کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اس سلسلہ میں ایک جنرل سٹور کے مالک نے بتایا کہ عرصہ دراز تک اپیل کرنے کے بعد ایس ایس پی راجیو پانڈے نے پریڈ پارک پونچھ میلاد چوک کو نو انٹری زون بنایا تھا تاہم ایک دو روز تک یہاں گاڑیوں کو نہ رکنے دیا گیا مگر پھر دوبارہ لوگ وہاں اپنی گاڑیاں کھڑی کرنے لگے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ اپنی ٹاٹا موبائل جن میں پھل اور سبزیاں فروخت کی جاتی ہیں، کویہیں پارک کرکے چلے جاتے ہیں جس سے ان کے کاروبار پر اثر پڑرہاہے ۔انہوں نے ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے سے اپیل کی کہ وہ پولیس اہلکاروں کو سختی سے ہدایت دیں کہ وہ گاڑیاں کھڑی نہ کرنے دیا کریں۔ ایک اور دکاندار غلام محمد نے بتایا کہ لوگ دوکانوں کے سامنے گاڑیاں کھڑی کر کے اِدھر اُدھر چلے جاتے ہیں جس کی وجہ سے ان کی تجارت متاثر ہو رہی ہے۔انہوں نے بھی انتظامیہ سے اپیل کی کہ پریڈ پارک پونچھ کے میلاد چوک کو حقیقی معنوں میں نوانٹری زون بنایاجائے ۔