محتشم احتشام
پونچھ//محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس پونچھ کے زیر اہتمام بی ایس ایف گراؤنڈ منڈی میں منعقدہ زونل سطحی کھیل مقابلوں میں بوائز ہائر سیکنڈری اسکول منڈی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف اپنے ادارے بلکہ پورے زون منڈی کا نام روشن کر دیا۔ مختلف کھیلوں میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ نے بہترین کھیل جذبہ، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کا عملی مظاہرہ پیش کیا جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔اس باوقار اسپورٹس مقابلے میں زون منڈی کے تمام ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے طلبہ نے انڈر 17 اور انڈر 19 زمروں میں بھرپور شرکت کی۔
مقابلوں میں کبڈی، والی بال، کھو کھو، ٹریک اینڈ فیلڈ، جیولن تھرو، شاٹ پٹ، بیڈمنٹن اور شطرنج سمیت متعدد کھیل شامل تھے۔بوائز ہائر سیکنڈری اسکول منڈی کے طلبہ نے غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈر 17 زمرے میں کبڈی اور کھو کھو میں پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ انڈر 19 زمرے میں بھی کبڈی اور کھو کھو میں اول مقام اپنے نام کیا۔ اس کے علاوہ والی بال میں ٹیم نے فرسٹ رنر اپ پوزیشن حاصل کر کے ادارے کے وقار میں مزید اضافہ کیا۔ ایتھلیٹکس کے میدان میں بھی اسکول کے طلبہ نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 1600 میٹر دوڑ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔کامیاب طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے اسکول احاطے میں ایک پروقار اعزازی تقریب منعقد کی گئی جہاں فاتح کھلاڑیوں کو اسکول انتظامیہ کی جانب سے طلائی اور نقرئی تمغوں سے نوازا گیا۔ تقریب کے دوران طلبہ اور اساتذہ نے کامیاب کھلاڑیوں کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ پورا ماحول خوشی اور جشن کی کیفیت سے سرشار نظر آیا۔یہ تقریب پرنسپل انور خان کی قیادت اور نگرانی میں منعقد ہوئی۔ انہوں نے طلبہ کو شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کھیل طلبہ کی ہمہ جہت شخصیت سازی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کے مطابق کھیل نہ صرف جسمانی صحت کو بہتر بناتے ہیں بلکہ نظم و ضبط، قیادت، اعتماد، صبر، ٹیم ورک اور مثبت مقابلہ جاتی جذبے کو بھی فروغ دیتے ہیں۔پرنسپل نے اسکول کے استاد ظہیر عباس کی خدمات کو بھی سراہا جن کی نگرانی اور تربیت میں طلبہ نے مقابلوں کی تیاری کی۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی محنت، رہنمائی اور مسلسل حوصلہ افزائی ہی طلبہ کی کامیابی کی اصل بنیاد ہے۔اسکول انتظامیہ نے امید ظاہر کی کہ منتخب کھلاڑی آئندہ ضلعی سطحی مقابلوں میں بھی اسی جذبے کے ساتھ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ کامیاب طلبہ اب اسپورٹس اسٹیڈیم پونچھ میں منعقد ہونے والے ضلعی سطحی کھیل مقابلوں میں زون منڈی کی نمائندگی کریں گے۔