بنی // بنی کے میدانی علاقوں میں ہلکی برفباری اور بالائی علاقوں میں بھاری برفباری کی وجہ سے بندہوئی بنی بسوہلی سڑک کوموسم خوشگوارہونے کو گاڑیوں کی آمد و رفت کیلئے بحال کردیا ہے جبکہ علاقہ میںبجلی اور پانی کا نظام تاحال بری طرح متاثر ہے ۔تفصیلات کے مطابق بنی کے میدانی علاقوں میں ہلکی برفباری اوربالائی علاقوں میں بھاری برفباری کے تیسرے روز بھی بجلی سپلائی پوری بنی ویلی میں بندرہی تو وہیں دور دارز علاقوں مثلاًجیسے بھنڈار، بانجل، ڈھگر، رولکا دولکہ، فتح پور، کوٹی چنڈھیار، لوانگ گوڈوفلال، لوہائی ملہار، مچھیڑی وغیرہ علاقوں میں بجلی کی ترسیلی تاریں اور لنگڑاتے بجلی کے پول ٹوٹ کر رہ گئے ہیں ۔ان علاقوں میں ویسے ہی بجلی نظام پورے بارہ ماہ آئی سی یو میں بھرتی رہتا ہے۔اس بارے میںلوگوں نے کئی بار محکمہ کو آگاہ کیا تھا کہ ان علاقوں میں بجلی نظام سرسبز پیڑوں اور لکڑی کے کھمبوں کے ساتھ چل رہا ہے اور ہلکی سی بونداباندی ہویا ہلکا سا طوفان ہو ان علاقوں سے بجلی نظام ٹھپ ہوجاتا ہے لیکن اس کے باوجود بھی محکمہ ٹس سے مس نہیں ہوا اور خاموش تماشائی بنا رہا، "تو بھلابھاری برفباری کہاں یہ بیمار بجلی نظام سہہ پاتا" تاہم تازہ برفباری کے سبب ان علاقوں میں بجلی نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا ۔ بجلی گل ہونے کے باعث پوری بنی ویلی اس وقت گھپ اندھیرے میں ہے جس کے پیش نظر لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ ان علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری ابھی بھی جاری ہے ان علاقوں میں 3 اور 4 فٹ کی برفباری درج کی گئی ہے۔ برفباری کے سبب علاقے میں نظام زندگی مفلوج بن کر رہ گئی ہے تاہم علاقے میں اشیائے ضروریہ کی قلت کا بھی خدشہ پیدا ہو گیا ہے اور لوگ اپنے گھروں میں ہی محدود ہو کر رہ گئے ہیں تو وہی بنی شہر کو جوڑنے والی رابطہ سڑکیں برف باری اور جگہ جگہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے تیسرے روز ابھی بھی بند پڑی ہوئی ہیں اور لوگوں کو آنے جانے میں بھاری پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔لوگوں کو میلوں کا سفر پیدل چل کر کرنا پڑ رہا ہے جس کے نتیجے میں لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔