سرینگر/عظمیٰ نیوز سروس/نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے مرکزی حکومت سے گلمرگ میں سکائنگ انفراسٹرکچر میں اضافہ کرنے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے کہا: ‘گلمرگ میں جو سال 2014 میں اسکائنگ انفراسٹرکچر تھا دس سال گذرنے کے باوجود اس میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے’۔ گلمرگ میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا: ‘میں گذشتہ دو دنوں سے یہاں گلمرگ میں سکائنگ کر رہا ہوں لیکن بے حد افسوس کی بات ہے کہ جو ہم نے سال 2014 میں سکائنگ افراسٹرکچر انفراسٹرکچر چھوڑا تھا اس میں دس سال بیت جانے کے باوجود کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ یہاں کنگ ڈوری میں کوئی نیا لفٹ نہیں لگ گیا ہے۔عمر عبداللہ نے کہا: ‘میں نے دو دنوں کے دوران یہاں دیکھا کہ مشکل سے ہی صرف ایک بار گنڈولہ بغیر رکاوٹ کے اوپر آیا’۔انہوں نے کہا کہ جو پہلے یہاں سکائنگ لے لئے آتے تھے وہ اب قزاکستان جاتے ہیں کیونکہ یہاں اس کے لئے ابھی پرانا ہی انفراسٹرکچر موجود ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کھیلو انڈیا گیمز کے ساتھ ساتھ گلمرگ کو معروف اسکائنگ مقام بنانے کی بھی ضرورت ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ سال آئندہ سکائنگ انفراسٹرکچر میں اضافہ کیا جائے گا۔