سرینگر// نیشنل کانفرنس نے انتظامیہ سے عید الفطر کے پیش نظر عوام کو راشن ، صحت و صفائی، بجلی اور پانی کے علاوہ دیگر سہولیات میسر رکھنے میں کوئی بھی کثر باقی نہ رکھنے کی اپیل کی ہے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے ریاستی انتظامیہ سے تاکید کی ہے کہ وہ روزِ عید کی تقریبات کے پیش نظر لوگوں کو بنیادی ضروریات میسر رکھنے کیلئے مناسب اقدامات کریں۔ خصوصاً ان ایام کے دوران بجلی کی معقول اور بغیر خلل سپلائی کے ساتھ ساتھ پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور عید گاہوں، مساجد، زیارت گاہوں، خانقاہوں کے گردنواح صحت وصفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ ریاست کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی بھر پور فراہمی کا خاص خیال رکھیں۔ انہوں نے انتظامیہ سے سے تاکید کی کہ وہ عید الفطر کے سلسلے میں ناجائز منافع خوری اور بلیک مارکیٹنگ کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کریں اور ایسے عناصر کیخلاف کارروائی عمل میں لائے جائے جو صارفین کے ساتھ استحصال کرنے کے مرتکب پائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ معتبرک ایام کے دوران غذائی اجناس چاول، کھانڈ، آٹا اور رسوئی گیس کی وافر مقدار فراہم کی سہولیت کیلئے میسر رکھی جائیں۔ ساتھ ساتھ لوگوں کو مرکزی عید گاہ، درگاہ حضرت بل، مرکزی جامع مسجد، خانقاہ معلی، چرار شریف ، حضرت سلطان العارفینؒ اور دیگر زیارت گاہوں تک لانے لیجانے کیلئے ٹرانسپورٹ سہولیات دستیاب رکھی جائیں اور عید کے مقدس دن کو زیر نظر رکھ کر ضروریات زندگی کے اشیاء وافر مقدار میں دستیاب رکھے جائیں۔ انہوں نے ریاستی عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے غریبوں، ناداروں، یتیموں اور بے سہارا بیوائوں اور جسمانی طور ناخیز افراد کا خاص خیال رکھیں اور عید کے دن عالم اسلام کی سربلندی، عالم انسانیت کی بقا اور فلسطین میں مکمل امن وامان کیلئے دعا کریں اور ان مقدس تقاریب پر مصیبت کے مارے اپنے بھائیوں کے ساتھ یکجہتی اور ہمدردی کا مظاہرہ کریں۔