ڈھاکہ //بنگلہ دیش میں مسافر بردار فیری اور کارگو جہاز کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 26 افراد ہلاک ہوگئے۔واقعہ دارالحکومت ڈھاکہ کے جنوب میں دریائے شیتلخسیا میں پیش آیا۔بنگلادیشی میڈیا کے مطابق بنگلا دیش کے شیتا لکھیا دریا میں 100 سے زائد مسافروں سے بھری چھوٹی مسافر کشتی ایک کارگو جہاز سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی۔پیش آنے والے حادثے میں اب تک 26 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے، 5 لاشیں گزشتہ روز ہی نکال لی گئی تھیں جبکہ مزید 21 لاشیں پیر کے روز نکالی گئیں۔پولیس اور عینی شاہدین کا بتانا ہے کہ حادثے کے فوری بعد کارگو جہاز موقع سے فرار ہو گیا۔بنگلا دیشی حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں کو 25000 ٹکا فی کس معاوضہ دیا جائے گا جبکہ حادثے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔پولیس اور عہدیداروں نے بتایا کہ مسافروں میں سے کچھ تیر کر ساحل تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔علاوہ ازیں رپورٹ میں بتایا گیا کہ متاثرہ افراد کے رشتے دار اپنے پیاروں کی تلاش میں دریا کے کنارے پر موجود تھے۔انہوں نے بتایا کہ غوطہ خوروں سمیت امدادی کارکن دیگر زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کی کارروائیوں میں مصروف ہیں جبکہ گزشتہ رات طوفان سے امدادی کاموں میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔حکومت کی جانب سے کووڈ 19 کے کیسز میں تیزی سے اضافے کے پیش نظر پیر سے ہفتے تک طویل ملک گیر لاک ڈاؤن کا اعلان کرنے کے بعد بڑی تعداد میں لوگ مسافر بردار کشتی میں سوار تھے۔ادھرآسٹریلیا کے شہر سڈنی میں دریائے ہاکسبری میں ایک کشتی میں دھماکہ اور اس سے ہونے والی آتشزدگی سے سے 8 افراد زخمی ہوگئے ، جن میں سے چار کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔ حادثے کے وقت کشتی میں ایندھن بھرا جارہا تھا۔عینی شاہدین کے حوالہ سے بتایا گیا ہے کہ کشتی میں آگ لگنے سے کچھ ہی دیر قبل اس میں سوار بچے اتار لئے گئے تھے ۔