کپوارہ // حالیہ بھاری برف باری کے بعد شمالی کشمیر کے سرحدی علاقوں جن میں کیرن اور مژھل شامل ہیں کی سڑکیں ہنوز بند ہیں جس کی وجہ سے ان علاقوں کے در ماندہ مسافر ووٹ ڈالنے کی غرض سے اپنے اپنے منزلوں کی طرف پیدل چلے پڑے ہیں۔مژھل کے درماندہ مسافر ایک روز قبل کپوارہ میں اس بات کو لیکر احتجاج کر رہے تھے کہ ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات کیلئے انہیں کلاروس او ر کمریال میں ووٹ ڈالنے کا حق دیا جائے ،تاہم ضلع انتظامیہ نے ایسا نہیں کیا۔جمعرات کی صبح کو مژھل سے تعلق رکھنے والے در ماندہ مسافر زیڈ گلی مژھل تک گاڑی میں گئے تاہم گلی پر بھاری برف باری کی وجہ سے وہ ز یڈ گلی سے مژھل کیلئے پیدل روانہ ہوئے۔اس دوران بھاری برف باری کی وجہ سے کیرن میں الیکشن مہم چلانے کے دوران پھنسے درماندہ اُمیدوار جمعرات کے روز پاترو کیرن سے فرکیاں گلی تک پیدل واپس آئے۔ایک آزاد امید وار رفیقہ بیگم نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ الیکشن میں ایک روز باقی تھا اور وہ پیدل آنے کیلئے مجبور تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہاں پیدل آکر انہوں نے آخری روز اپنی مہم چلائی۔ اس حوالہ سے اگرچہ ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ جو ضلع الیکشن آفیسر بھی ہیں سے رابطہ قائم کیا لیکن انہوں نے فون اٹھانے کی زحمت گوارہ نہیں کی۔