عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ضلع بڈگام کے سویہ بگ علاقے میں جمعہ کی صبح ایک دلدوز سڑک حادثے میں ایک شخص کی موت واقع ہوئی۔ جمعہ کی صبح ایک موٹر سائیکل ایک بجلی کھمبے سے ٹکرایا جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوئی۔متوفی کی شناخت بشیر احمد پال ولد غلام احمد پال ساکن پال محلہ سویہ بگ کے طور پر ہوئی ہے۔ا گرچہ مذکورہ شخص کو زخمی حالت میں نزدیکی ہسپتال پہنچایا گیا لیکن زخم اس قدر شدید تھے کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔مقامی لوگوں کے مطابق متوفی گھر کا واحد کمانے والا اور چار بچوں کا باپ تھا۔اس حادثہ میںمشتاق احمد ملک ولد غلام محمد ملک ساکن سوئبگ کی ناک پر چوٹیں آئیں اور ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے ۔دریں اثنا پولیس واقعے کا نوٹس لے کر کارروائیاں شروع کی ہیں۔ادھر سرینگر کے بمنہ علاقے میں ایک 25 سالہ نوجوان اپنے گھر میں پراسرار حالات میں مردہ پایا گیا۔پولیس نیبتایا کہ ایک نوجوان اپنی رہائش گاہ پر مردہ پایا گیا اور بعد میں اسے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔
اس کی شناخت سرمد نصیربٹ (25) ولد نصیر احمد بٹ کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ادھرضلع کولگام کے منزگام علاقے میں جمعہ کو ایک 19 سالہ نوجوان چلتے ٹرک سے گر کر زخمی ہوگیا۔ زخمی کی شناخت حارث رسول ساکن ڈی ایچ پورہ کا رہائشی ہے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب نوجوان مبینہ طور پر چلتے ہوئے ٹرک سے گر گیا ۔اسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے ضلع اسپتال کولگام پہنچایا گیا۔ بعد میں اسے مزید علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) اننت ناگ ریفر کر دیا گیا۔ ادھر سری نگر جموں قومی شاہراہ پر کھڈوانی کراسنگ پرایک آلٹو کار زیرنمبر JK01AA-7022 اور لوڈ کیریئرزیرنمبر JK04H-2474 کے مابین ٹکر کے نتیجے میں آلٹو گاڑی کا ڈرائیور زخمی ہوگیا۔پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔اس دوران کنی پورسرینگر میں ایک 47 سالہ شخص اپنے گھر کے اندر جلی ہوئی حالت میں پایا گیا۔ حکام نے بتایا کہ متوفی کو اس کی رہائش گاہ پر جلی ہوئی حالت میں پایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ پولیس جلد ہی جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاش کو اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔متوفی کی شناخت ضمیر احمد تیلی (47) ولد نذیر احمد تیلی ساکن کنی پورہ نوگام کے طور پر کی گئی ہے۔پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔