جموں //گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال بخشی نگر جموں میں بدھ کو ایک اور مریض کی موت بلیک فنگس سے ہوئی ۔ اسطرح جموں صوبے میں ابتک 2افراد بلیک فنگس سے فوت ہوئے ہیں۔ اس سے قبل پونچھ کا ایک 42سالہ نوجوان اس جان لیوا وائرس سے فوت ہوا تھا۔ فائنانشل کمشنر اتل ڈلو نے بتایا ’’ہاں بلیک فنگس سے جی ایم سی جموں میں ایک شخص کی موت ہوئی ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں مشتبہ بلیک فنگس کے 8مریض زیر علاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوت ہونے والا مریض کٹھوعہ ضلع سے تعلق رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلیک فنگس کے 8مشتبہ مریض زیر علاج ہیں جن میں اکثریت کورونا وائرس سے صحتیاب ہوئے ہیں۔ محکمہ صحت کے ایک افسر نے بتایا کہ بلیک فنگس کے مشتبہ مریضوں میں جموں میں 2، کٹھوعہ میں 3 اورادہمپور، ریاسی اور سرینگر میں ایک ایک مریض شامل ہیں۔ مذکورہ افسر نے بتایا کہ بیشتر مریض کورونا وائرس سے صحتیاب ہوئے ہیں لیکن ان کے خون میں شوگر کی مقدار کافی زیادہ ہے اور انہوں نے Steriodsکا استعمال زیادہ کیا تھا ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل پونچھ سے تعلق رکھنے والا ایک 40سالہ شخص کورونا وائرس سے جی ایم سی جموں میں فوت ہوا تھا جبکہ اس کے خون میں شوگر کی مقدار 900تک پہنچ گئی تھی لیکن جراحی کے بعد وہ فوت ہوگیا ۔