سرینگر// بلیوارڑ سڑک کی خستہ حالت انتظامیہ کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے جبکہ نہرو پارک سے کرالہ سنگری تک 3برس قبل منظور ہوا 4گلیاروں کا منصوبہ بھی کھٹائی میں پڑا ہوا ہے ۔واضح رہے کہ اس سڑک پر جگہ جگہ گہرے کھڈے پیدا ہوئے ۔سڑک پر مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ غیر مقامی سیاحوں کا رش رہتا ہے ۔ یہ سڑک ڈلگیٹ سے لیکر ہارون تک مختلف مقامات پر تباہ حالی کا شکار ہے اور انتظامیہ سڑک کی مرمت کی جانب کوئی دھیان نہیں دیتی ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس سڑک پر ٹریفک کا کافی زیادہ دبائو رہتا ہے جبکہ ہزاروں گاڑیاں روازنہ سڑک پر دوڑتی ہیںجن میں سیاح بھی ہوتے ہیں کھڈوں کی وجہ سے ٹریفک کی آمدورفت بھی متاثر ہو رہی ہے ۔بیرون ریاست کے سیاحوں کا کہنا ہے کہ جس طرح ریاستی سرکار شہر کے دیگر علاقوں کی سڑکوں کی مرمت میں ناکام ہے اُسی طرح بلیوارڑ سڑک کی جانب بھی کوئی خاص دھیان نہیں دیا جاتا اور پچھلے کچھ عرصے سے سڑک کی نہ تو مرمت کی گئی اور نہ ہی اس پر تارکول بچھایا گیا ہے۔ کئی ایک سیاحوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کشمیر کی خوبصورتی پوری دنیا میں مشہور ہے ،اللہ نے اس کو جنت بنایا ہے لیکن اس کی خوبصورتی کو چار چاند لگانے میں یہاں کی انتظامیہ ناکام ہے ۔مغربی بنگال کی ایک سیاح جوتی نے کہا کہ افسوس ہوتا ہے میں ہر سال خوشی سے ڈل کی سیر کو آتی ہوں لیکن پچھلے دو برسوں میں اس سڑک پر چل کر یہی محسوس کیا کہ یہاں انتظامیہ ہی سڑک کی مرمت کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے ۔واضح رہے کہ دو سال قبل سابق سرکار نے یقین دلایا تھا کہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی لاوڈا کی طرف سے منظوری ملنے کے بعد بلیوارڑ سڑک کو 4گلیاروںوالابنایا جائے گا لیکن یہ منصوبہ بھی ٹھپ ہوتا نظر آرہا ہے۔ گذشتہ برس لاوڈا نے بھی نہرو پارک سے کرالہ سنگری تک اس کو چار گلیاروں والا روڑ بنانے کیلئے محکمہ آر اینڈ بی کو این او سی جاری کی تھی جبکہ سابق سرکار میں وزیر تعمیرات رہ چکے نعیم اختر نے بھی افسران کو اس سڑک پر جلد کام شروع کرنے کو کہا تھا جبکہ اس سڑک کیلئے فنڈس پہلے سے ہی دستیاب رکھے گئے تھے اور نہرو پارک سے کرالہ سنگری پروجیکٹ کیلئے 33کروڑ کا منصوبہ رکھا تھا ۔چیف انجینئر آر اینڈ بی سمی عارف نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ابھی صرف موجودہ سڑک کو ہی ٹھیک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا فور لین پروجیکٹ کا ماحولیاتی سروے چل رہاہے تاہم انہوں نے کہا کہ سڑک پر کچھ ایک کھڈوں کو ٹھیک کیا گیا ہے جبکہ سڑک کی مرمت بہت جلد کی جائے گی ۔