سرینگر//ڈائریکٹر اکاؤنٹس اینڈ ٹریجریز کشمیر نے ٹریجری افسراں کوکاموں سے متعلق بلوں کی ادائیگی کیلئے رہنما خطوط جاری کرتے ہوئے انکی پیری کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے پنشنرز کی شکایات کے فوری ازالہ کی تاکید کی ہے۔ سرکیولر کے مطابق محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری مختلف احکامات وہدایات اور عام مالیاتی قواعد میں دفعات ، انتظامی کاموں کے بلوں پر عملدرآمد ، ضروری دستاویزات بشمول انتظامی منظوری ، تکنیکی منظوری ، رقومات کی دستیابی ، ما قبل و مابعد جیو ٹیگ شدہ تصاویر منسلک رکھنے اور ای ٹینڈرنگ کے مناسب طریقہ کار پر عمل کرنا لازمی ہے۔سرکیولر میں مزید کہا گیا ہے کہ کوئی بھی بل، جس میں کسی بھی طرح سے کمی کی گئی ہو ، اسے آن لائن اور آف لائن تحریری میمو کے ساتھ متعلقہ ڈرائنگ اینڈ ڈسبرسنگ آفیسر کو واپس کرنا چاہئے ۔ سرکیولر میں مزید کہا گیا ہے کہ کسی بھی حالت میں ، تخصیص کے ایک یونٹ سے دوسرے یونٹ میں رقومات کو منتقل نہیں کیا جانا چاہیے جبکہ خرچ کردہ اخراجات کا حساب درست اکاؤنٹ ہیڈ (کھاتہ)سے لیا جانا چاہئے اورکسی بھی انحراف کی صورت میں ، متعلقہ ٹریجری آفیسر اور سیکشن آفیسر اس سلسلے میں ذاتی طور پر ذمہ دار ہوں گے۔ سرکیولر میں اس بات کا بھی ذ کر کیا گیا ہے کہ پنشنرز کو درپیش مشکلات پر قابو پانے کے لئے ٹریجریوںکے پنشن سیکشن میں ایک مناسب انتظام کیا جانا چاہئے تاکہ پنشنرز کو زیادہ دیر تک کھڑے رہنے کی ضرورت نہیں ہو۔مزید کہا گیا ہے کہ پنشن سیکشن میں مناسب تعداد میں کرسیاں رکھنی چاہئیں اور ان کے ساتھ نرم برتاؤ کیا جائے اور پنشنرز کی شکایات کے ازالہ کو اولین ترجیح پر رکھنا چاہئے۔ٹریجری افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ گاہک کوجانوں( کے وائی سی) اپڈیشن اس سرکلر کے اجراء کی تاریخ سے 10 دن کی مدت میں مکمل کی جائے۔