اننت ناگ //لفٹینٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے ضلع مجسٹریٹ اننت ناگ بشیر احمد ڈار کے ہمراہ جواہر ٹنل کے نزدیک زگ میں قائم سکریننگ مرکز کا معائینہ کیا اور مسافروں کیلئے سکریننگ سہولیات کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ مشیر موصوف نے چکی وانگنڈ گاؤں کے ریڈ زون میں گھر گھر سروے عمل میں لانے کی ہدایات جاری کیں تا کہ کوئی بھی فرد بغیر سکریننگ نہ رہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریڈ زون علاقے میں مشتبہ افراد کی طبی جانچ لگاتار جاری رکھنی چاہئیے اور ریڈ زون میں رہنے والے لوگوں کو بنیادی سہولیات بھی فراہم کی جانی چاہئیں ۔ بصیر خان نے لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کرنے کیلئے پی آر آئیز اور مذہبی رہنماؤں کو شامل کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ محکمہ صحت کی طرف سے جاری کردہ ایڈوائیزری پر عمل کرتے ہوئے اپنے گھروں میں رہیں ۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کے مکمل تعاون کی بدولت انتظامیہ کووڈ 19 کی وباء سے مقابلہ کرنے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔