بارہمولہ//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر بارہمولہ اعجاز عبداللہ صراف اور دیگر اعلیٰ اَفسران کے ہمراہ ضلع بارہمولہ کے علاقے بونیار کا دورہ کیا اور وہاں ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔مشیر موصوف نے دورے کا آغاز رسیونگ سٹیشن نوشہرہ کا معائینہ کرنے سے کیا،جو 4MVAسے14 MVA تک بڑھنے کے عمل میں ہے۔متعلقہ حکام نے مشیر موصوف کو جانکاری دی کہ مذکورہ پروجیکٹ پی ایم ڈی پی کے تحت 87 لاکھ روپے کی لاگت سے تیار ہو رہا ہے اور اس سے تقریباً1000 گھرانوں کو فائدہ ہوگا۔ مشیر موصوف نے کام کی رفتار میں تیزی لانے کی ہدایت دی تاکہ ستمبر کے اِختتام سے قبل اِس کو مکمل کیا جاسکے۔ مشیر بصیر خان نے 105 میگاواٹ کے لور جہلم ہائیڈروالیکٹرک پروجیکٹ کا بھی دورہ کیا ،وہاں اُنہوں نے پاور ہائوس کو جدید بنانے پر کام کی رفتار میں سرعت لانے پر زور دیا۔اُنہوں نے پی ڈی ڈی حکام کو ہدایت دی کہ وہ بجلی شعبے میں بنیادی ڈھانچے کو اَپ گریڈیشن کرنے کے لئے کام کریں اور بوسیدہ بجلی کھمبوں کی تبدیلی اور ایچ ٹی / ایل ٹی ٹرانسمیشن لائنوں کی اَپ گریڈیشن کے کام میں سرعت لائیں۔مشیر موصوف نے رورل ڈیولپمنٹ سیکٹر میں جاری مختلف ترقیاتی کاموں کا معائینہ کیا ۔ اے سی ڈی بارہمولہ گلزار احمد خان نے انہیں اِن کاموں کی رفتار اور پوزیشن کے بارے میں جانکاری دی۔ اُنہوں نے پنچایت سطح کے کووِڈ کیئر سینٹر ( سی سی سی) کا بھی معائینہ کر کے وہاں مختلف متعلقہ پہلوئوں کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے لوگوں کو من و عن کووِڈ۔19 کے مناسب طرزِ عمل اَپنانے کی اپیل کی ۔اُنہوں نے کہاکہ وَبائی وائرس کی زنجیر کو توڑنے کے لئے ایس او پیز پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔مشیر بصیر خان نے ایکو پارک کا بھی دورہ کرکے وہاں افسران کو ہدایت دی کہ وہ راستے ، پارک کی تزئین و آرائش اور غیر فعال لائٹس کی تبدیلی پر بھی خصوصی توجہ مرکوز رکھیں۔ اُنہوں نے کہا کہ کمشنر سیکرٹری پارکوں کی خوبصورتی اور ترقی کے لئے رِپورٹ بنانے کے لئے ایک ٹیم بھیجیں گے۔بعد میں مشیر موصوف نے پی آر آئی کے وفد سے ملاقات کی ۔وفد نے انہیں شکایات اور ترقیاتی خدشات سے متعلق مطالبات سے آگاہ کیا۔پی آر آئیوں نے علاقے میں فائر سروس سٹیشن کے قیام ، اوڑی سب ڈویژن میں ایس ڈی ایم کی پوسٹنگ ، پی ایچ سی بونیار کو ایس ڈی ایچ بونیار میں اپ گریڈیشن ، تحصیل کمپلیکس کے قیام اور اہم عوامی اہمیت کے متعدد دیگر مطالبات کا مطالبہ کیا۔مشیر نے تمام مسائل اور مطالبات بغور سنا اوراِن تمام مسائل کو بروقت حل کرنے کے لئے متعلقہ حکام کے ساتھ اُٹھایا جائے گا۔مشیر بصیر احمد خان نے کووِڈڈیوٹی سے وابستہ تمام متعلقہ افسران بالخصوص ڈاکٹروں کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں کو کووِڈ حفاظتی ٹیکے لگانے کی اہمیت سے آگاہ کریں۔اِس موقعہ پر جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ ، ایس ای کے پی ڈی سی ایل کے سی ایم او ، سی ای او ، چیف انیمل ہسبنڈری افسران، انجینئران اور دیگر متعلقہ افسران کے علاوہ مختلف محکموں کے سربراہان موجود تھے۔دورے کے اختتام پر مشیر نے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول بونیار کے لان میں پودا لگا کر شجرکاری مہم شروع کی ۔ محکمہ جنگلات نے اس مہم کو شروع کرنے کے لئے پروگرام کا انعقاد کیا تھا۔