سرینگر//لیفٹنٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے پھولوں کی نمائش کے انتظامات کا جائیزہ لینے کیلئے نہرو میموریل بوٹینیکل گارڈن کا دورہ کرنے کے علاوہ سرینگرمیں ایک ترقیب کے دوران دستکاروں میں بیک لاگ ایوارڈ تقسیم کئے ۔ بوٹینیکل گارڈن میںپھولوں کی دو روزہ نمائش ستمبر 2021 میں منعقد کی جائے گی ۔ نمائش کیلئے بلیو پرنٹ تیار کرنے کیلئے افسروں کو ہدایت دیتے ہوئے مشیر نے کہا کہ ایونٹ کیلئے احتیاط سے منصوبہ بندی کی جائے اور اس سلسلے میں دی گئی ہدایات کے مطابق ہر چیز اپنی جگہ پر ہونی چاہئیے ۔ انہوں نے محکمہ سے کہا کہ قومی اور بین الاقوامی میڈیا کو اس ایونٹ کی تشہیر کیلئے استعمال کیا جائے جس سے کسانوں کو فائدہ ہو ۔ شو کا مقصد کشمیر کی تجارتی فلوری کلچر کو بھر پور فائدہ دینا ہے اور اس سے ترقی پسند کاشتکاروں کو اپنی مصنوعات کو ملک کے دیگر حصوں سے بھی شرکاء کو دکھانے میں سہولت ملے گی ۔ ادھرلیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے سری نگر میں سال 2018ء کے لئے بیک لاگ ایوارڈ تقریب کی صدارت کی جس کے دوران کئی کاریگروں کو دستکاری شعبے میں اُن کی خدمات کے لئے ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ اِس موقعہ پر مشیرموصوف نے کہا کہ جموںوکشمیر کی کاریگربرادری کی فلاح و بہبود اور معاشی ترقی کے لئے کئی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ تقسیمِ ایوارڈ کی تقریب بعنوان ’’ سنہری ہاتھوں کو خراجِ تحسین‘‘ ، سال 2018 ء کے لئے کل 1720000/-روپے 50 کاریگروں ( بشمول 8 خواتین کاریگروں ) کے درمیان تقسیم کئے گئے جن میں مومنٹوز اور توصیفی اَسناد شامل ہیں جنہوں نے سال 2015 ء، 2016 ء، 2017 ء اور 2018ء کے لئے اَپنے متعلقہ دستکاریوں سوزنی ، قالین ، پیپرماشی ، کریول ، چین سلائی میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔مشیر موصوف نے کاریگروںکو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی ہنر اور صلاحیتوں کی پہچان ہے ۔ اُنہوں نے کہاکہ کاریگروں کو ایوارڈ دینا نہ صرف حوصلہ اَفزائی کی علامت ہے بلکہ کشمیر کی ہنر اور دستکاریوں کو زندہ رکھنے کے لئے اُن کی کوششوں کا اعتراف بھی ہے۔