بس سروس کے بعد آر پار تجارت بھی معطل

 سرینگر/اشفاق سعید /وادی کشمیر میںحد متارکہ پر گذشتہ چند دنوں سے جاری کشیدگی کے پیش نظر سوموار کوسرینگر اور مظفرا ٓباد کے درمیان بس سروس نہیں چل پائی، وہیں آر پار تجات بھی اس ہفتے بند رہے گی ۔ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایاکہ پچھلے ایک ماہ سے لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر ہندپاک کے درمیان حالات کشیدہ بنے ہوئے ہیں اور دونوں اطراف سے فوج نے توپوں کے دہانے کھول دئے ہیں۔ 2005میں شروع کی گئی کاروان امن بس سروس  سوموار کو نہیں چل سکی جبکہ منگل کو جو سرینگر مظفرآباد کے درمیان ہونے والی تجارت بھی نہیں ہوسکی۔ذرائع نے بتایا کہ 3اکتوبر کو ٹیٹوال کراسنگ سے لوگوں کو آر پار جانا ہے تاہم ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ اس کراسنگ سے لوگوں کو آر پار آنے جانے کی اجازت دی جائیگی یا نہیں ۔سلام آباد مرکز میں تعینات ٹریڈ افسر فاروق احمد شاہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سرحد کے اُس پار سے ایک خط سلام آباد ٹریڈ سہولیات سنٹربھیجا گیاہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ مظفرآباد میں تعطیلات کی وجہ سے ٹریڈ نہیں کر سکے ہیں، جبکہ یہاں پر بھی دیوالی کی چھٹی کی وجہ سے ٹریڈ کو اس ہفتے بند کیا گیا ہے۔