جموں//نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیاہے کہ ان کی جماعت جموں و کشمیر میں علاقائی خود مختاری کیلئے وعدہ بند ہے اوراسی سے ریاست کے تمام خطوں کے جذبات کی ترجمانی ہوسکے گی ۔پارٹی میں شمولیت اختیا رکرنے والے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے کہا’’انتخابات میں واضح اکثریت ملنے پر نیشنل کانفرنس پہلے اسمبلی سیشن میں ہی علاقائی خود مختاری سے متعلق قانون سامنے لائے گی ‘‘۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں نقشہ مرتب کیاگیاہے اور تمام خطوں کے عوام کی خواہشات اور ان کے جذبات کا خیال رکھاگیاہے ۔ ان کاکہناتھاکہ علاقائی خود مختاری سے خطوں کے درمیان باہمی اعتمادکی فضا مضبوط ہوگی جس کے نتیجہ میں ریاست ترقی کرے گی اور لوگوں کو بھی ترقی کے یکساں مواقع فراہم ہوں گے ۔انہوں نے کارکنان پر زور دیاکہ وہ ایک بڑے چیلنج کیلئے تیار ہوجائیں اور پارٹی کوہر ایک سطح پر مزید مضبوط بنائیں ۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس ریاست بھر میں مضبوط جڑیں رکھتی ہے اور ریاست کے ہر ایک کونے میں موجود ہے ۔ فاروق عبداللہ کاکہناتھاکہ لوگوں کو یہ احساس ہوگیاہے کہ انہیں ایک اہم اور مضبوط حکومت کی ضرورت ہے تاکہ ان کو درپیش چیلنجوں سے نمٹاجاسکے ۔ان کاکہناتھا’’لوگوں کی مدد کے ساتھ ہم ریاست جموں و کشمیر میں عوام دوست اور مضبوط حکومت فراہم کرنے کیلئے وعدہ بند ہیں ‘‘۔یہاں جاری بیان کے مطابق اس دوران پونچھ سے تعلق رکھنے والے پیر نثار حسین شاہ اوردیگر کارکنان نے پی ڈی پی کو چھوڑ کر نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیارکرلی جن کا فاروق عبداللہ نے خیر مقدم کیا ۔اس موقعہ پر پارٹی کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر دیوندر سنگھ رانا، ریاستی سیکریٹری رتن لعل گپتا، صوبائی یوتھ صدر اعجاز جان ودیگرکارکن بھی موجو دتھے ۔بیان کے مطابق بی جے پی اور کانگریس کارکنان نے بھی نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کی ۔