پونچھ// بس اڈہ پونچھ کے قریب بنائے گئے نالہ کے روز روز بند پڑ جانے کی وجہ سے عوام کو ہمیشہ بارشوں کے دوران نالے سے باہر سڑک پر بہنے والی گندگی کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔اگرچہ عوام کے زبردست اسرار کے بعد اس مقام پر پلی تعمیر کی جا رہی ہے لیکن اس کا کام نہایت ہی سست روی کا شکار ہے۔اس سلسلہ میں بس اڈہ پونچھ پر عوام کی جانب سے حکام پر سخت برہمی کا اظہار کیاجارہاہے ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ کے خلاف ناراضگی کااظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پلی کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔راجیش ٹنڈن نامی شخص نے الزام لگایا کہ انتظامیہ عوام کو جان بوجھ کر تنگ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عرصہ دراز پہلے پلی پر لینٹر ڈال دیا گیا ، اب وہاں صرف تار کول بچھایا جانا ہے یا سیمنٹ کا فرش بچھایا جانا ہے لیکن نہ جانے کیا وجہ ہے کہ یہ تھوڑا ساکام التواء میں رکھا جارہا ہے۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلہ میں ذاتی مداخلت کر کے پلی کا کام جلد از جلد مکمل کروائیں تاکہ اس ادھورے کام کی وجہ سے وہاں لگنے والے جام میں کمی آئے اور مسافروں کو مزید پریشانیوں کا سامنانہ کرنا پڑے۔