سرینگر// بریل عالمی دن کے موقعے پر گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول گنڈ حسی بٹ میں ویبنار کا انعقاد ہوا جس میں ماہرین تعلیم، اسکالروں اور بریل کے تربیت یافتہ افراد نے شرکت کرکے بریل لنگویج کے بانی لوئس بریل کوشاندار انداز میں خراج پیش کیا۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ قوت بصارت سے محروم افراد کی تربیت کے لئے بریل لنگویج کے مراکز کھولے جائیں تاکہ ان کو بھی معاشرے کا کار آمد شہری بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ قوت بصارت سے محروم نابینا افراد میں بھی صلاحیتیں موجود ہیں لیکن ان صلاحیتوں کو نکھارنے اوربروئے کار لانے کے لئے سرکاری ،گھریلواور سماجی سطح پرٹھوس اقدامات اٹھانیکی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ بریل نابینا افراد کی ذہنی نشو نما میں ایک اہم کردار ادا کرسکتا ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ اس رسم الخط سے متعلق خصوصی تربیت کا اہتمام کیا جائے۔ویبنار میں ماہرین بریل سمیر احمد ،قرالعین،حجاز باون، اور ابرار احمد کے علاوہ ڈپٹی سی ای او انجم راجہ،ڈاکٹر رابعہ نسیم مغل اور میر شبیر احمد نے اپنے تجربات و خیالات کا اظہار کیا۔واضع رہے بریل لینگویج کا عالمی دن ہر سال4 جنوری کو پوری دنیا میں لوئس بریل کی سالگرہ کے موقع پر منایا جاتا ہے۔لوئس بریل وہ فرانسی شخص تھا جس نے نابینا افراد کی تعلیم کے لئے ایک خاص اور آسان زبان ’’ بریل لینگوئج‘‘ ایجاد کی۔