بریری گائوں میں پانی کی بحرانی صورتحال

نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے بریری گائوں میں پینے کے پانی کا بحران گہرا ہونے کے باعث گاؤں کی خواتین کو دور دور سے پینے کا صاف پانی لا کر گزارہ کرنا پڑتا ہے۔علاقہ مکینوں نے محکمہ جل شکتی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ خواتین کئی گھنٹوں تک قدرتی چشموں پر در بدر رہتی ہیں لیکن محکمہ پانی کی سپلائی کیلئے سنجیدہ نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ  آزادی کے 70 سال گزرنے کے بعد بھی پینے کے پانی کی سہولت فراہم نہیں کی گئی جس کی وجہ سے اس گاؤں کے لوگوں کو آج بھی پانی کے قدرتی ذرائع پر انحصار کرنا پڑتا ہے۔ گاؤں کی خواتین پینے کے صاف پانی کے حصول کیلئے میلوں کا سفر طے کرتی ہیں۔ان خواتین نے بتایا کہ حکومت زیادہ سے زیادہ رقم محکمہ جل شکتی کو جاری کرتی ہے۔ دیہی اور شہری علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے محکمہ اپنی ذمہ داریاں پوری طرح سے لے ہی نہیں رہا ہے جس کی وجہ سے دیہات میں صورتحال مزید ابتر ہوتی جارہی ہے ۔مقامی معززین نے محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ صرف کاغذوں و فائلوں میں ہی مکینوں کو سہولیات فراہم کی جارہی ہیں جبکہ عملی بنیادوں پر کوئی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بریری گائوں میں پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائیں ۔