ظفر اقبال
اوڑی//برنیٹ بونیار میں نصب کیا گیا بھارت سنچار نگم لمیٹڈ( بی ایس این ایل) کا موبائل ٹاور گزشتہ تقریباً 8 ماہ سے مکمل ہونے کے باوجود تاحال بے کار پڑا ہے، جس کے باعث علاقے کے بی ایس این ایل صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہیں۔مقامی لوگوں مطابق، ٹاور کی تعمیر اور دیگر تمام تکنیکی کام کئی ماہ قبل مکمل ہو چکے ہیں، مگر اب تک اسے عوامی استعمال کے لیے چالو نہیں کیا گیا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ طویل عرصے سے بہتر نیٹ ورک سروس کے منتظر ہیں، لیکن متعلقہ حکام کی عدم توجہی کے باعث یہ سہولت انہیں میسر نہیں ہورہی ہے۔علاقہ کے مکینوں نے بتایا کہ ناقص نیٹ ورک کی وجہ سے طلباء کی آن لائن تعلیم متاثر ہو رہی ہے، جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔ ایمرجنسی حالات میں رابطہ نہ ہو پانا بھی ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔عوامی حلقوں نے سوال اٹھایا ہے کہ جب ٹاور مکمل تیار ہے تو اسے فعال کیوں نہیں کیا جا رہا؟ آیا اس میں کوئی تکنیکی خرابی ہے یا انتظامی سطح پر لاپرواہی برتی جا رہی ہے؟مقامی لوگوں نے ایس ڈی ایم اوڑی اور تحصیلدار بونیار سے مطالبہ کیا ہے کہ اس مسئلے کا فوری نوٹس لیا جائے اور بی ایس این ایل ٹاور کو جلد از جلد فعال کر کے عوام کو بہتر مواصلاتی سہولیات فراہم کی جائیں۔