برفباری کے 50فیصد سے کم امکانات | شبانہ درجہ حرارت میں معمولی بہتری،سردی برقرار

 سرینگر // وادی میں مطلع ابر آلود رہنے سے سردی کی شدت میں ایک بار پھر قدرے کمی واقع ہوئی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق 4 اور 5 دسمبر کو درمیانہ درجے کی برفباری اور بارشیں ہو سکتی ہیں، جس کے 50فیصد سے بھی کم امکانات ہیں۔محکمہ کے ترجمان نے کہا کہ موسمیاتی سسٹم اس بات کی نشاندہی کررہا ہے کہ 4دسمبر کی سہ پہر سے موسم تبدیل ہونا شروع ہوجائیگا اور5دسمبر کو مطلع مکمل طور پر ابر آلود رہے گا جس کے نتیجے میں درجہ حرارت صفر پر آسکتا ہے اور پہاڑی علاقوں میں درمیانہ یا ہلکی برفباری ہونے کے امکانات ہیں جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں ہونگی۔ ترجمان نے کہا کہ بھاری برفباری کے امکانات بہت کم ہیں لیکن چار روز بعد حتمی طور پر موسم کے بارے میں پیشگوئی کی جائیگی۔ادھر ترجمان کا کہنا تھا کہ وادی میں اتوار کو مطلع ابر آلود رہنے سے سردی کی شدت میں قدرے کمی واقع ہوئی اور آنے والے دنوں میں اس میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے ۔سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ جہاں گذشتہ شب درجہ حرارت 0.4 ڈگری تھا۔ گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.5ڈگری ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب درجہ حرارت منفی 1.0ڈگری تھا ۔پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.0 تھا جہاں گذشتہ شب منفی 1.0ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔سرحدی ضلع کپواڑہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.4 تھا جہاں گذشتہ شب منفی 1.5 ا تھا۔ قاضی گنڈ میں منفی 1.3ڈگری رہا ۔لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لہیہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.7 ڈگری ،کرگل میں منفی 3.0 اور دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10.9ڈگری  ریکارڈ کیا گیا۔