برفباری کے فوری اثرات، طول و عرض میں معمولات متاثر

۔23پروازیں منسوخ،بانڈی پورہ میںچھت سے گرکر شہری لقمہ اجل

 
سرینگر //بھاری برف باری کے نتیجے میں وادی کا زمینی اور فضائی رابطہ پوری دنیا کے ساتھ سنیچر کو دوسرے روز بھی منقطع رہا اس دوران وادی کے متعدد علاقوں میں بجلی سپلائی متاثر رہی جبکہ اندرونی سڑکوں سے برف نہ ہٹانے کے نتیجے میں وادی کے متعدد علاقوں کے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔محکمہ موسمیات نے اگلے چند روز تک موسم ٹھیک رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے ۔

سرینگر 

سرینگر میںسنیچر کی صبح تک برف باری کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں ضلع کی سڑکیں برف سے بھر گئیں اگرچہ انتظامیہ نے مشینری کو متحرک رکھتے ہوئے رابطہ سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام مکمل کیا تاہم کئی اندرونی سڑکوں سے برف نہیں ہٹائی گئی جبکہ ضلع کے متعدد علاقوں میں بجلی سپلائی بھی دن بھر متاثر رہی ۔اس دوران بین االاقوامی ہوائی اڈہ سے صرف 3پروازیں ہی اڑان بھر پائیں جبکہ 23پروازیں خراب موسم کی وجہ سے منسوخ کی گئیں ۔ایس ایس پی ائرپورٹ طاہر سلیم نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ رن وے پر برف ہٹائے جانے کے بعد ہی تین پروازیں اڑان بھر پائیں ہیں جبکہ صبح 23پروایں منسوخ ہوئیں ۔

بانہال 

بانہال سے محمد تسکین کے مطابق برف باری کی وجہ سے سرینگر جموں شاہراہ سنیچر کو دوسرے روز بھی گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند رہی ۔جواہر ٹنل کے دونوں اطراف درمیانی سے بھاری برف باری اور نچلے علاقوں میں ہلکی برف باری ہوئی ۔البتہ سنیچر کو شام چار بجے کے بعد موسم میں آئی بہتری کے نتیجے میں انتظامیہ نے سڑک کو بحال کر کے بانہال میں درماندہ گاڑیوں کو سرینگر جانے کی اجازت دے دی جبکہ سرینگر سے جموں آج کسی بھی گاڑیوں کو چلنے کی اجازت نہیں تھی ۔رام بن اور بانہال کے درمیان بارشوں اور برف باری کی وجہ سے دن بھر وقفے وقفے سے پسیاں اور پتھر گرنے کا سلسلہ جاری تھا جس کی وجہ سے اس سیکٹر میں گاڑیوں کی آمد ورفت ممکن نہیں ہو سکی ۔

وسطی کشمیر 

کنگن سے غلام نبی رینہ نے اطلاع دی ہے کہ سونہ مرگ علاقے میں 4فٹ ، گگن گیر میں اڑھائی فٹ ، گنڈ اور کلن میں 2فٹ کنگن اور گنون میں 1فٹ تازہ برف جمع ہو گئی ہے جس کی وجہ سے علاقے میں دن بھر کاروباری ادارے بند رہے اور سرکاری دفاتر میں بھی حاضری متاثر رہی ۔بھاری برف باری سے متاثر ہوئی سڑکوں کو ابھی تک گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بحال نہیں کیا جا سکا ہے ان سڑکوں میں مرگنڈ ،کلو محلہ گنڈ ، بابا پورہ ، کنن شامل ہیں، جبکہ علاقے میں بجلی سپلائی بھی مکمل طور پر متاثر ہوئی ہے اور دن بھر لوگوں کو بجلی کی آنکھ مچولی کے نتیجے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔گاندربل سے ارشاد احمد کے مطابق ضلع میں ایک فٹ تازہ برف جمع ہو گئی ہے جبکہ علاقے میں سنیچر کو بجلی کا نظام مکمل طور پر متاثر رہا ۔ضلع انتظامیہ نے اگرچہ سنیچر کی شام دیر گئے تک صورہ سے کنگن سڑک سے برف ہٹائی تاہم اندرونی رابطہ سڑکیں جن میں گاندربل سے سہ پورہ ، گاندربل سے فتحہ پورہ ، گاندربل سے ہرن شالبک سڑک ، شامل ہیں گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند پڑی ہیں جبکہ علاقے میں بجلی نظام بھی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے ۔بڈگام سے اطلاع ہے کہ وہاں پر بھی بھاری برف باری کے نتیجے میں معمولات زندگی متاثر ہو کر رہ گئی ہے جس کے نتیجے میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اس دوارن ضلع کے متعدد علاقوں میں بجلی سپلائی بھی متاثر رہی۔ 

شمالی کشمیر 

بانڈی پورہ سے عازم جان کے مطابق ضلع میں برف باری کی وجہ سے عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے سڑکوں پر برف جمع ہونے سے گاڑیوں کی آوا جاہی میں بڑے پیمانے پر خلل پڑی ہے۔ اگرچہ ضلع انتظامیہ نے متحرک ہوکر سڑکوں سے برف ہٹانے کیلئے مشینری کو کام پر لگادیا تھا تاہم سنیچر کی شام تک صرف بانڈی پورہ اور سوپور بانڈی پورہ شاہراہ سے برف ہٹائی گئی تاہم ضلع کی اندرونی سڑکوں سے برف نہیں ہٹائی جا سکی ہے برف باری کی وجہ سے پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں بھی بڑے پیمانے پر خلل پڑا ہے ۔ضلع کے مین قصبوں سے اگرچہ بجلی سپلائی بحال کر دی گئی تاہم دور دراز علاقوں میں بجلی سپلائی بحال نہیں کی جا سکی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے ضلع میں کنٹرول روم قائم کرکے مشینری کو متحرک رکھا ہے ۔کپوارہ سے اشرف چراغ کے مطابق ضلع میں مسلسل دورسرے روز بھی برف باری کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں ضلع میں معمولات زندگی متاثر ہو کر رہ گئی۔ برف باری کی وجہ سے کیرن کپوارہ ، مژھل کپواڑہ اور کرناہ کپوارہ سڑکیں دوسرے روز بھی گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند رہیںجبکہ ضلع کے کئی علاقوں میں برف باری کی وجہ سے بجلی نظام بھی متاثر رہا ۔بارہمولہ سے فیاض بحاری نے اطلاع دی ہے کہ ضلع میں اگرچہ سرینگر بارہمولہ شاہراہ اور ہندوارہ بارہمولہ شاہراہ سے برف ہٹائی گئی تاہم دیہاتوں میں جانے والی سڑکوں سے برف نہیں ہٹائی گئی جس سے یہ علاقے کٹ کر رہ گے ہیں ۔محکمہ بجلی نے چند قصبوں میں کسی حد تک بجلی بحال کی ہے تاہم ابھی بھی متعدد یہات بجلی سپلائی سے محروم تھے ۔ محکمہ بجلی کے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ضلع کے متعدد قصبوں میں بجلی کھمبے اور تاریں گر گئی ہیں اور خراب موسم کی وجہ اکثر دیہات کی بجلی بحال نہ ہوسکی۔ضلع بھر میں ابھی تک اعداد شمار کے مطابق گلمرگ میں 2 فٹ ،ٹنگمرگ میں 5انچ ، رفیع آباد میں 2فٹ اور ضلع کے دیگر علاقوں میں ایک فٹ برف جمع ہے ۔اوڑی سے ظفر اقبال نے اطلاع دی ہے کہ ضلع میں جمعرات کو وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری رہا ۔برف باری کی وجہ سے قصبہ اوڑی کے دور دراز علاقے جن میں سیلکوٹ، بلکوٹ،تھاجل، ہتھلنگا، صورہ، موٹھل، بٹگراں، چرنڈا، گوہالن، گوالتہ، کملکوٹ وغیرہ شامل ہے میں جمعہ کی رات سے ہی بجلی غائب ہے جبکہ ان علاقوں کی رابطہ سڑکیں بھی برف باری سے بند پڑی ہیں۔ادھر عازم جان کے مطابق  شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ قصبے میں اُس وقت قیامت صغرا ٹوٹ پڑی جب اپنے رہائشی مکان کی چھت سے برف گرانے کے دوران ایک شخص نیچے گر کر شدید طور زخمی ہوا اور سرینگر لے جاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ بیٹھا۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ  ممتاز احمد تمباکو ولد غلام رسول تمباکو ساکن وارڈ نمبر 3 اپنے گھر کی چھت ٹوٹ جانے کے اندیشہ سے برف ہٹانے میں مصروف تھا کہ توازن کھوکر گرپڑا۔اگر چہ اسے فوری طور اسپتال لے جانے کی کوشش کی گئی تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاکر راستے میں ہی دم توڑ بیٹھا۔ ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ شاہد اقبال نے مذکورہ شخص کی ہلاکت کو افسوسناک واقعہ قرار دیتے ہوئے لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے سرکار کی جانب سے چار لاکھ روپے امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ 

جنوبی کشمیر 

جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ سے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ برف باری کے سبب بازار ویران نظر آئے، جبکہ ٹریفک کی نقل وحرکت بھی نہ ہونے کے برابر رہی، ضلع کے پہاڑی علاقوں جن میں کپرن، متی گاورن، منزموہ میں برف باری کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے دوپہر تک جاری رہی ، تاہم بعد میں دھوپ نکلی ،ضلع کے بالائی علاقوں میں پانچ سے سات انچ برف جمع ہوگئی ہے جبکہ میدانی علاقوں میں 3انچ برف ریکارڈ کی گئی ہے ،ضلع کے بیشتر رابط سڑکوں سے برف ہٹای گئی ہے جبکہ آج شام تک بیشتر علاقوں میں برقی رو بحال ہو گئی ہے۔ضلع پلوامہ سے نمائندے سید اعجاز نے اطلاع دی ہے ضلع کے میدانی علاقوں میں تازہ 6انچ برف جمع ہو گئی تھی اور مین رابطہ سڑکوں سے برف ہٹائی گئی ہے جبکہ علاقے میں بجلی سپلائی ہنوز متاثر ہے ۔شوپیاں سے نمائندے شاہد ٹاک کے مطابق ضلع میں اگرچہ دن کو برف باری کا سلسلہ تھم گیا تاہم ضلع کے میدانی علاقوں میں 5انچ برف جمع ہے جبکہ بالائی علاقوں جن میں ہیر پورہ دبجن ، سدو میں 1سے اڑھائی فٹ برف جمع ہے۔نمائندے کے مطابق مغل روڑ بھی ایک ماہ سے گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند ہے اور پیر کی گلی پر تازہ دو فٹ برف جمع ہے ۔کولگام سے خالد جاوید کے مطابق ضلع میں گذشتہ رات کو ہی برف باری کا سلسلہ تھم گیا تھا اور صبح کے وقت ضلع انتظامیہ نے اوپری علاقوں کی سڑکوں سے برف ہٹا کر گاڑیوں کی آمد ورفت کو بحال کر دیا ۔اننت ناگ میں بھی برف باری سے معمولات زندگی متاثر رہی ۔

چیف انجینئر بجلی

چیف انجینئر بجلی قاضی حشمت کا کہنا ہے کہ برف باری کی وجہ سے بجلی کی ترسیلی لائینیں گر آئیں تھی تاہم محکمہ نے عملے کو متحرک رکھ کر تمام علاقوں میں بجلی بحال کر دی ہے تاہم کچھ ایک علاقوں جن میں مشکلات ہیں وہاں پر جلد بجلی بحال کر دی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ سنیچر کو محکمہ نے تمام ملازمین کی چھٹی کو منسوخ کر کے اُن کو کام پر لگا دیا تھا ۔

محکمہ موسمیات 

محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈاریکٹر محتار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ آج دوپہر تک موسم ابرالودہ رہے گا اور دوبہر کے بعد 10جنوری تک موسم ٹھیک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بیچ 8جنوری کو وادی کے کچھ ایک بالائی علاقوں میں موسم ابرالودہ رہنے سے ہلکی بوندا باندھی ہو سکتی ہے ۔