بانہال // بھاری برفباری کی وجہ سے سب ڈویڑن بانہال میں کھڑی۔ مہْو رابطہ سڑک کو ابھی تک قابل آمدورفت نہیں بنایا گیا ہے جس کی وجہ سے ہزاروں کی آبادی ابھی تک سڑک رابطے سے منقطع ہے۔ مہو منگت کے مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ محکمہ تعمیرات عامہ کی طرف سے کھڑی سے مہو تک رابطہ سڑک برف اٹھانے کیلئے بھیجی گئی مشینری پچھلے دو روز سے رکی پڑی ہے اور محکمہ پی ڈبلیو ڈی کے اہلکار زمینی سطح کی صورتحال کے بجائے غلط بیانی سے کام لیکر ضلع انتظامیہ کو گمراہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برفباری کے ایک ہفتے کے بعد بھی محکمہ تعمیرات عامہ اس سڑک سے جڑے مہو۔منگت ، کاؤنہ ، ترگام ، ترنہ ، بزلہ ، ارم دھکہ ، کڑجی ، منگت ، باوا ، آکھرن ، آڑی مرگ ، ہجوا اور بجہ ناڑہ کے علاقوں کو سڑک رابطے سے جڑنے میں ناکام رہا ہے اور بیشتر سڑک سے برف صاف کرنے کے بعد مشینری اب سست پڑ گئی ہے اور اس اندازے سے مہو تک برف صاف کرنے میں مزید ایک دو ہفتے لگ سکتے ہیں۔ لوگوں نے ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام اور ایگزیکٹیو انجینئر پی ڈبلیو ڈی رام بن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کھڑی مہو رابطہ سڑک کو جلد از جلد قابل آمدورفت بنانے کیلئے برف صاف کرنے والے محکمہ کے عملے اور ٹھیکیدار کو وقت کا پابند بنایا جائے تاکہ مہو منگت اور اس کے دیہات میں آباد لوگوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔