برج خلیفہ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کی تصویر سے جگمگا اْٹھا

 دبئی//  متحدہ عرب امارات کے نائب صدر راشد المکتوم نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے دل جیت لیے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور دبئی کے امیر محمد بن راشد المکتوم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں نیوزی لینڈ کی مساجد میں حملے کے بعد مسلمانوں سے غیر معمولی ہمدردی اور اظہار یکجہتی پر وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن کا شکریہ ادا کیا۔ دبئی کے امیر شیخ محمد راشد المکتوم نے اپنی ٹویٹ میں مزید لکھا کہ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے اپنے ہمدردانہ رویے اور لواحقین کی دلجوئی کر کے پوری دنیا کے مسلمانوں کے دل جیت لیے ہیں۔ صرف یہی نہیں بلکہ متحدہ عرب امارات نے جسینڈا آرڈن کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے دبئی میں دنیا کی سب سے بلند عمارت برج خلیفہ کو نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کی تصویر سے سجا دیا گیا، یہ منفرد اور دلکش منظر ہزاروں لوگوں نے دیکھا جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی گئیں۔