کوٹرنکہ// سب ڈیژن بدھل کی بیشتر سڑکوں کی خستہ حالی کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں ۔ بدھل سے راج نگر اپر گھبر8 کلو میٹر سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ محکمہ پی ایم جی ایس وائی سڑک کی مرمت کے لیے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھا رہا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سڑک کی حالت انتہای خستہ ہوچکی ہے جسکے نتیجہ میں گاڑیوں کاچلنا تو دور کی بات،لوگوں کا سڑک پر پیدل چلنا محال ہوچکا ہے۔ لوگوں نے بتایا کہ جولائی اگست میں بھاری بارش کے دوران اپنی مدد آپ کے تحت سڑک سے پسیاں صاف کروادی گئی تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ سڑک پر بڑے بڑے گڑھے ہوگئے ہیں اور معمولی سی بارش ہونے کے ساتھ ہی سڑک کے گڑھوں میں پانی جمع ہو جاتا ہے اور سڑک جھیل جیسا رخ پیش کرتی ہے۔مقامی آبادی نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوے کہا کہ جلد از جلد محکمہ پی ایم جی ایس وائی کو متحرک کرکے سڑک کی حالت بہتربنائی جائے۔