کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کے بدھل علاقہ میں ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری وکاس کنڈل کی قیادت میں بلاک دیو س کا اہتمام کیا گیا ۔اس موقعہ پر ضلع کے تمام محکموں کے اعلیٰ آفیسران کیساتھ ساتھ مقامی پنچایتی اراکین و دیگر معززین نے بھی تعداد میں شرکت کی ۔اس عوامی دربار کے دوران مقامی معززین و پنچایتی اراکین نے عوامی مسائل کے سلسلہ میں آفیسران کو تفصیلی جانکاری فراہم کرنے کیساتھ ساتھ یاداشتیں بھی پیش کیں ۔اپنے خطاب میں سرپنچ محمدشبیر افلا طون نے کہاکہ بدھل سے گھبر جانے والی 8کلو میٹر سڑک کا ابھی تک لوگوں کو معاوضہ نہیں دیا گیا جبکہ بدھل میں محکمہ بھیڑ پالن کی زمین سکڑتی جارہی ہے لیکن متعلقہ محکمہ کی جانب سے دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کانفرنس ہال بدھل کی عمارت گزشتہ کئی برسوں سے مرمت کی منتظر ہے جبکہ بدھل کی مرکزی پنچایت میں کھیل کود کا بھی کوئی میدان تعمیر نہیں ہے جس کی وجہ سے مقامی کھلاڑی نا ہموار میدانوں میں کھیلنے پر مجبور ہیں ۔مقامی معززین نے بدھل کے دیہات میں بجلی کی سپلائی کیلئے شروع کر دہ سکیموں کے تحت کام نہ ہونے کیساتھ ساتھ دیگر مرکزی سکیموں سے عوام کو دور رکھنے جیسے معاملات پر بھی روشنی ڈالی ۔ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری نے عوامی مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کچھ ایک معاملات کے حل کیلئے موقعہ پر ہدایت بھی جاری کیں ۔انہوں نے آفیسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ محکمے آپسی اشتراک سے کام کر کے عوامی مسائل کو حل کریں ۔