سرینگر// آئندہ انتخابات میں فیصلہ کن مینڈیٹ کی اپیل کرتے ہوئے پیپلز کانفرنس کے جنرل سکریٹری عمران رضا انصاری نے اتوار کو کہا کہ پی سی عوام کے تعاون سے جموں و کشمیر کی سیاست میں مضبوط متبادل کے طور پر تیزی سے ابھر رہی ہے۔انصاری نے کہا کہ ریاست میں روایتی سیاسی جماعتوں کی دھوکہ دہی، منافقت اور استحصال پر مبنی سیاست کو کوئی بھی نہیں برداشت کرے گا۔ پی سی ہر اس شخص کی پارٹی ہے جو بدعنوانی اور اقربا پروری کے سیاسی نظام کو تبدیل کرنے کی خواہش رکھتا ہے۔ ہماری عوام کی تکلیف اور مصیبت صرف سچائی اور مصالحت کے ذریعے ہی ختم ہوگی۔ ہم یہی چاہتے ہیں۔ ہمارا ہدف یہ ہے کہ عوام سیاسی طور پر باشعور، اقتصادی اعتبار سے مستحکم اور سماجی لحاظ سے بااختیار بنے۔انہوں نے لوگوں سے آئندہ انتخابات میں پی سی کے امیدواروں کے حق میں فیصلہ کن ووٹ ڈالنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی کے ایجنڈا کو پورا کرنے کیلئے آپ کی حمایت ضروری ہے۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے سرینگر پارلیمانی انتخابی حلقے سے پارٹی کے امیدوار عرفان رضا انصاری نے کہا کہ ہمارے رہنما سجاد لون متبادل سیاسی گفتگو کی آواز ہیں، جن کا مقصد سیاسی اور اقتصادی لحاظ سے کمزور افراد کو بااختیار بنانا ہے۔ ہمیں ان کے بازو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ریاست کو ہر قسم کی پریشانی سے باہر نکالا جا سکے۔اجلاس میں پی سی چیئرمین کے سیاسی سکریٹری شاہد رشید بھی موجود تھے۔