قاہرہ//دنیا کی اہم اور مصروف ترین آبی گزرگاہ نہر سویز میں پھنسے دیوہیکل بحری جہاز کو نکال دیا گیا ہے اور ایک ہفتے سے بند سمندری ٹریفک کو بحال کر دیا گیا ہے۔ ایم وی ایور گیون نامی جہاز کو دوبارہ نہر میں ڈال دیا گیا اور نہر سویز کو سمندری ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔نہر میں پھنسے جہاز کو نکالنے کے بعد ٹگ بوٹس کے عملے نے ہارن بجا کر خوشی کا اظہار کیا۔ جاپانی ملکیت والے جہاز جس کا حجم چار فٹ بال گراؤنڈ کے برابر ہے، کو جب نکالا گیا تو عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔نہر سویز کی گزرگاہ بحیرہ روم اور بحیرہ احمر کو ملاتی ہے اور ایشیا اور یورپ کو ملانے والی مختصر ترین گزرگاہ ہے جس کے راستے سے دنیا کی تجارت کا 10 فیصد مال گزرتا ہے۔قبل ازیں برطانوی خبر رساں ایجنسی نے خبر دی تھی کہ جہاز رانی کی خدمات فراہم کرنے والے ادارے انچ کیپ شپنگ سروس نے اپنے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ بحری جہاز مقامی وقت کے مطابق صبح 4:30 بجے سمندر کی سطح پر کامیابی سے تیر رہا تھا۔گذشتہ کئی دنوں سے مصر کی ٹگ بوٹس اور بلڈوزر کی مدد سے اس دیوہیکل جہاز کو نکالنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔