بحرین کی فوج میں اسرائیلی افسر تعینات | عرب ممالک کی تاریخ میں پہلا واقعہ

منامہ// بحرین نے اسرائیلی بحریہ کے اعلی افسر کی تعیناتی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تعیناتی خطے میں جہازوں کی آزادانہ نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے کی گئی ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عرب ممالک کی تاریخ میں پہلی بار اسرائیلی افسر کو تعینات کیا گیا ہے۔ یہ تعیناتی بحرین میں کی گئی ہے۔ بحرین کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی افسر کی تعیناتی خطے میں محفوظ اور آزادنہ جہاز رانی کے لیے 34 سے زائد ممالک کے اتحاد کے ایجنڈے کے تحت کی گئی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس ایجنڈے کا مقصد خلیجی ممالک کے سمندری حدود اور عالمی تجارتی جہازوں کی حفاظت سمیت ان پر قذاقوں اور دہشت گردوں کے حملے سے بچانا ہے۔بحرین نے اسرائیلی افسر کی تعیناتی کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا تاہم خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ چند روز قبل اسرائیلی وزیر دفاع کی آمد پر طے پانے والوں میں معاہدوں میں یہ تعیناتی بھی شامل تھی۔