عظمیٰ نیوز سروس
جموں// حزب اختلاف کے رہنما اور بی جے پی کے سینئر لیڈر سنیل شرما نے جمعہ کو جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری بجٹ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اسے نیشنل کانفرنس پر مبنی قرار دیا اور الزام لگایا کہ اس میں یومیہ اجرت والے، بے روزگار نوجوانوں، بی پی ایل اور ای ڈبلیو ایس خاندانوں کو کچھ نہیں دیا گیا ہے۔ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، شرما نے کہا’’ یہ این سی ممبران اسمبلی کے لیے بجٹ ہے، اس میں جموں و کشمیر کے عام لوگوں کے لیے کچھ نہیں ہے‘‘۔انہوں نے حکومت پر الزام لگایا کہ وہ ایک واضح، مقررہ وقت پر ریگولرائزیشن پالیسی کا اعلان کرنے میں ناکام ہو کر یومیہ اجرت والوں کو دھوکہ دے رہی ہے۔
شرما نے یہ بھی کہا کہ بجٹ بے روزگاری کو نظر انداز کرتا ہے اور 180دنوں کے اندر عہدوں کو بھرنے کے پہلے وعدوں کی عکاسی نہیں کرتا ہے۔ انہوں نے تقریباً 24,000 ملازمتوں کی آئوٹ سورسنگ پر تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ میرٹ اور شفاف بھرتیوں کو نظرانداز کرتی ہے۔انہوںنے سوال کیا ’’کوئی تحریری امتحان نہیں، کوئی انٹرویو نہیں، کوئی درخواست کا عمل نہیں۔ منصفانہ مقابلے کے خواہاں ہونہار نوجوانوں کا کیا ہوگا؟‘‘۔انہوں نے حالیہ بھرتیوں میں اقربا پروری کا مزید الزام لگایا اور کہا کہ بجٹ میں سرمائے کے اخراجات کے لیے واضح روڈ میپ کا فقدان ہے۔ بجٹ کو عوام مخالف قرار دیتے ہوئے شرما نے اس بات پر مایوسی کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ مفت بجلی اور ایل پی جی سلنڈر کی یقین دہانیوں پر عمل نہیں کیا گیا۔انہوں نے الزام لگایا’’گزشتہ سال 200 یونٹ مفت بجلی دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، لیکن کسی کو بھی نہیں ملا۔ اب 6 ایل پی جی سلنڈر بھی واضح نہیں ہیں۔ یہ دھوکہ ہے‘‘۔شرما نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو مایوس کیا گیا ہے اور حکومت پر ووٹروں کو گمراہ کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ بجٹ مایوس کن ہے اور حکومت کا اصل چہرہ بے نقاب کرتا ہے۔